صنعتوں کیلئے اکتوبر میں بجلی کا نیا ٹیرف لانے کا اعلان

کراچی(آئی این پی)نگراں وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے، حکومت بجلی کی نرخ کم کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔کراچی میں گورنر سندھ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر توانائی نے کہا کہ ملک میں صنعتوں کیلئے اکتوبر میں نیا ٹیرف لائیں گے، صنعت کو زیادہ سے زیادہ گیس فراہم کرنیکی کوشش کریں گے۔

محمد علی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی تجاویز وزیراعظم کو پیش کریں گے، بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کاٹ رہے ہیں، ریکوری کی جا رہی ہے، ڈالر کے ریٹ کی وجہ سے بجلی کے نرخ میں تبدیلی آتی ہے، جولائی کے بلز میں واجبات سے اگست میں بلز زیادہ آئے تھے۔وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ پورے ملک میں بجلی چوروں کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں، ماضی کے معاہدوں میں رد و بدل نہیں کیا جا سکتا، ہماری کوشش ہے کہ بجلی کا بوجھ کم کر سکیں۔محمد علی نے کہا کہ سولر نیٹ میٹرنگ کے ریٹس میں کوئی کمی نہیں کر رہے، چاہتے ہیں کہ صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ گیس ملے، ملک میں گیس کے ذخائر ہیں، ہم نکال نہیں پا رہے۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی چاہتی ہے معیشت کا پہیہ چلتا رہے، ہم انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے چنگل میں پھنسے ہیں، ریلیف نہیں دے پا رہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ڈالر کو اور نیچے آنا، ملک میں بڑی سرمایہ کاری آنی ہے، ملک میں دوست ممالک کی جانب سے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close