اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارلحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں انڈسٹری کی ترقی اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تا کہ انڈسٹری ترقی کرے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں اور بیروزگاری میں بھی کمی لائی جا سکے۔عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کا مشن لے کر آیا ہوں اور عوام کی خدمت کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔
عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ صرف اور صرف عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے خرچ ہو گا۔ مسائل کے باوجود بجلی کا بلوں میں کمی اور سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارلحق نے میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید صابر حسین شاہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری ارشد حسین،چوہدری یاسر سلطان,چوہدری قاسم مجید،پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی اور انجمن تاجران کے عہدیدار بھی موجود تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ منگلا ڈیم کے متاثرین اور نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب دریائے نیلم میں 20 کیومک پانی چھوڑا ہے جس سے مسائل میں کمی آئے گی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بجلی چوری کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے تا کہ اس کا اثر عام لوگوں پر نہ پڑے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بجلی،تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ بہت جلد مظفرآباد،پونچھ اور میرپور ڈویژن کا دورہ کروں گا تا کہ لوگوں کے مسائل سن سکوں۔ اس سے قبل صدر میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید صابر حسین شاہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو وفاقی سطح پر عوام کی بھر پور نمائندگی کرنے اور آزاد کشمیر میں گڈ گورنس اور ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات پر مبارکباد دی اور کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تاجر آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت کیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی ترقی و بہتری سے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور لوگ خوشحال ہوں گے۔ وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جسے وزیر اعظم نے قبول کیا اور کہا کہ بہت جلد دورہ کروں گا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں