حکومت جاتے ہی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا سیاسی رومانس ختم، لفظی گولہ باری شدت اختیار کر گئی

کراچی (پی این آئی) پیپلز پارٹی ن لیگی رہنماؤں کے مخالف بیانات پر برہم ہو گئی۔ پی پی قیادت پر ن لیگ کو تحفظات سے آگاہ کرنے کیلیے دباؤ بڑھنے لگا ہے، جس کے بعد پیپلز پارٹی رہنماؤں نے معاملہ سی ای سی اجلاس میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی دیگر جماعتوں کی طرح حکومتی اتحاد کا حصہ تھی، لیگی رہنما دیگر جماعتوں کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، (ن) لیگی قیادت کے پارٹی رہنماؤں کے بیانات پر خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگی قیادت کا پی پی مخالف بیان بازی کا نوٹس نہ لینا افسوسناک ہے، سابقہ حکومت کی کامیابیوں اور ناکامیوں کی ذمہ دار تمام اتحادی جماعتیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ (ن) لیگی رہنماؤں کی بیان بازی کا معاملہ قیادت کے سامنے رکھیں گے اور لیگی قیادت سے وضاحت طلبی کا مطالبہ کریں گے، (ن) لیگی رہنماؤں کے مخالف بیانات سنجیدہ معاملہ ہے۔ رہنما نے کہا کہ لیگی رہنماؤں کے بیانات کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے، لیگی رہنما پیپلز پارٹی مخالف بیانات انفرادی حیثیت میں نہیں دے رہے، شک ہے کہ وہ پارٹی پالیسی کے تحت ہم پر تنقید کر رہے ہیں، وہ ڈیڑھ سالہ ناکامیوں کا ملبہ ہم پر مت ڈالیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں