پاک بھارت ٹاکرے میں چند گھنٹے باقی، بارش کا کتنا امکان ہے؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

کولمبو (پی این آئی) پاک بھارت ٹاکرے میں چند گھنٹے باقی، کل کولمبو میں بادل برسیں گے یا موسم خشک رہے گا؟، سری لنکا اور بنگلہ دیش میچ کے دوران پیشن گوئی کے باوجود بارش نہ ہونے کے بعد پاک بھارت ٹاکرا بھی بارش سے متاثر نہ ہونے کی امید۔

تفصیلات کے مطابق ایشیاء کپ ٹورنامنٹ میں گروپ مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا میچ بارش کی نذر ہو جانے کے بعد اب ڈیڑھ ارب شائقین کرکٹ کی اتوار 10 ستمبر کو شیڈول پاک بھارت میچ پر نظر ہے۔ اتوار کو شیڈول میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ تشویش اور تجسسس میں مبتلا ہیں۔ شائقین کرکٹ مسلسل پاک بھارت میچ کے وینیو کولمبو کے موسم کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ بی بی سی اردو ویدر پیج کے مطابق اتوار 10 ستمبر کو کولمبو میں میچ کے اوقات کے دوران بارش کے امکانات کچھ بڑھ گئے ہیں۔ گزشتہ روز کی پیش گوئی میں بتایا گیا تھا کہ کولمبو میں دن 2 بجے سے رات 11 بجے تک بارش کے امکانات 90 فیصد سے کم ہو کر 37 فیصد پر آ گئے ہیں۔

تاہم ہفتے کے روز کی گئی پیشن گوئی کے مطابق اتوار کو پاک بھارت میچ کے اوقات کے دوران بارش کے امکانات 50 فیصد سے زائد ہو گئے ہیں۔ تاہم شائقین کرکٹ کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ ہفتے کے روز سری لنکا اور بنگلہ دیش کا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ تھا، ہفتے کے روز کولمبو میں موسلادھار بارش متوقع تھی، تاہم سری لنکا اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران 1 منٹ کیلئے بھی بارش نہیں ہوئی، جس کے بعد اتوار کے روز پاک بھارت میچ کے دوران بھی بارش نہ ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل ہی پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے اچھی خبر سامنے لے آیا تھا۔ کولمبو میں موجود پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ کے نمائندہ خصوصی اعجاز گوندل کی جانب سے سری لنکا کے محکمہ موسمیات سے رابطہ کر کے آئندہ دنوں کیلئے کولمبو کے موسم کے حوالے سے جاننے کی کوشش کی گئی۔

سری لنکا کے مقامی محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اتوار 10 ستمبر کو بھی بارش کا امکان ہے، تاہم بارش دن 2 بجے تک رک جائے گی، جبکہ پاک بھارت میچ کا آغاز دن 3 بجے ہو گا۔ سری لنکا کے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو دن 2 سے شام 7 بجے تک بارش نہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ شام 7 سے 8 بجے تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔ یعنی اگر سری لنکا کے مقامی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی درست ثابت ہوئی، تو اتوار کے روز پاک بھارت میچ مکمل ہونے کے قوی امکانات ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں