اداروں اور سیاسی جماعتوں سے بات چیت, چیئرمین پی ٹی آئی نے بڑا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے رکن بیرسٹر گوہرعلی نے اٹک جیل میں ملاقات کے بعد کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اداروں اور سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے ارکان انتظارپنجوتھا، شعیب شاہین، نعیم پنجوتھا ، گوہرعلی اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے چیئرمین پی ٹی آئی سے اٹک جیل میں ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہرعلی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ انہیں جیل میں ناجائز ڈالا گیا لیکن اس سب کے باوجود وہ اداروں اور سیاسی جماعتوں سے گفتگو کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے بات چیت کا محور ہو گا کہ 90 دن میں الیکشن کیسے ہوں؟ جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی مکمل فٹ اور تندرست ہیں ، ان کا پیغام ہے سیاسی استحکام آنے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ شعیب شاہین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ملک میں عدالتوں کا احترام نہیں، میں نے کوئی ڈیل نہیں کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں