وزیراعظم آزاد کشمیر نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

مظفر آباد (آئی این پی )سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر،وزرا حکومت میاں عبدالوحید، دیوان علی خان چغتائی، سردار جاوید ایوب، چوہدری محمد رشید اور ممبر اسمبلی نثارہ عباسی نے کہا ہے کہ آٹا کی قیمتوں میں نہ تو اضافہ ہورہا ہے نہ ایسا کوئی ارادہ ہے، وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے پرانے ٹیرف پر ہی بلات وصول کیے جائیں گے، نیلم جہلم پراجیکٹ سے مظفرآباد میں پیدا ہونے والے مسائل کے پیش نظر نوسیری ڈیم سے 20کیومک پانی چھوڑاجائیگا تاکہ پانی کی ضرورت پوری ہو، اس 20کیومک پانی سے 50میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا بھی پلان ہے،

وزیراعظم آزادکشمیر عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں اور واپڈا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے تسلسل کے ساتھ میٹنگز کررہے ہیں، واپڈامظفرآباد میں واٹر باڈیز تعمیر کرنے کیلئے تیار ہے، ہم مظاہروں کے خلاف نہیں،احتجاج کو جمہوریت کی نظرسے دیکھتے ہیں۔ نیلم جہلم پراجیکٹ سے پیدا ہونے والے مسائل سمیت دیگر ایشوز پر جس انداز سے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کام کررہے ہیں بہت جلد عوام مسائل کے حل پر عملدرآمد ہوتا دیکھیں گے۔ عوامی ایکشن کمیٹی سے بہت اچھے ماحول میں مذاکرات ہوئے ہیں۔ نیلم جہلم پراجیکٹ بارے ہائیکورٹ آزادجموں وکشمیر کے 2019کے فیصلہ پر من وعن عملدآمد یقینی بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار سپیکر اسمبلی اور وزرا حکومت نے پی آئی ڈی کمپلیکس میں منگل کے روز میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ مظفرآباد شہر میں صاف پانی کے مسئلے کے حل کیلئے نوسیری سے مظفرآباد تک40کلو میٹر پائپ لائن بنانے کی تجویز سمیت دیگر ایشوز پر کام جاری ہے۔ لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے، آٹا کی کمی کو پورا کرنے، نیلم جہلم پراجیکٹ سے پیدا ایشوز حل کرنے سمیت دیگرمسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے، مظفرآباد عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات ہوگئے ہیں۔ وزیر حکومت میاں عبدالوحید نے کہاکہ آٹا مافیا کے خلاف حکومت نے سخت ایکشن لیا ہے، حکومت فی من آٹاپر3ہزار روپے سبسڈی جبکہ ماہانہ Incidentalچارجز کے علاوہ 1ارب روپے سبسڈی دے رہی ہے،آٹا کی قیمتیں نہ تو بڑھائی جارہی ہیں اور نہ ہی ایساکوئی ارادہ ہے، سرکاری آٹا اور پرائیویٹ آٹا کی قیمتوں میں تفاوت زیاد ہے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے اور سرکاری اور پرائیویٹ آٹے کی قیمتیں برابر کرنے کی تجویز سامنے آئی لیکن وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے آٹاکی قیمتیں بڑھانے سے صاف انکار کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے ترقیاتی بجٹ پر کمپرومائز کیا، آبادی کی بنیاد پر آٹے کے کوٹہ میں اضافے کا مطالبہ درست ہے اور جلد کوٹہ میں اضافہ کریں گے اس حوالے سے کام جاری ہے۔ میاں عبدالوحید نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کو فوری طورپر معلطل کردیاکہ آزادکشمیر کے لوگوں مہنگائی کے اس دورمیں اس بوجھ کے متحمل نہیں ہوسکتے، جولائی کے بل جن لوگوں نے جمع کروا دیے انکی رقم جو نئے ٹیکس کی مد میں جمع کروائی گئی کو اگست کے بل میں ایڈجسٹ کیا جائے گا اور پرانے ٹیرف کے مطابق ہی بلات وصول کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مظفرآباد میں نیلم جہلم پراجیکٹ کی وجہ سے بہت مسائل نے جنم لیا ہے جن کے حل کیلئے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے تسلسل کے ساتھ چیئرمین واپڈا سے میٹنگز کی ہیں اورنوسیری ڈیم سے 20کیومک پانی کے اخراج کا فیصلہ ہو ا ہے اورڈسچارج ہونے والے اس20کیومک پانی سے 50میگا واٹ بجلی پیداکرنے بھی پلان ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظفرآباد شہر میں واٹر باڈیزکی تعمیر کیلئے واپڈا تیار ہے، واٹر باڈیز واپڈا بنائے گا یا ہم اس بارے فیصلہ چند روز میں ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی بجٹ کاٹ کر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے کہاکہ آٹا کی قیمتوں میں اضافہ کا کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا، سرکاری آٹاکی سمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جارہا ہے،ہوٹلز اور گیسٹ ہاوسز کو سرکاری آٹا نہیں ملنا چاہیے اس پر کام کیاجارہا ہے،آٹاچوری کی روک تھام اور لوگوں کو پہنچانے کے لئے بلدیاتی نمائندوں پر مشتمل سسٹم بنارہے ہیں، آٹا کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے پاسکو سے مزید گندم خریدیں گے۔ وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے ایک سوال پر کہاکہ تیرہویں ترمیم کے بعد بجلی پیدا کرنے کا اختیارحکومت پاکستا ن کے پاس ہی ہے تاہم ہم اپنے طورپر 50میگا واٹ تک بجلی پیدا کرسکتے ہیں، نیلم میں ہائیڈل پراجیکٹس کیلئے ہم نے اکنامک افیئرز ڈویژن سے رابطہ کیا تھا جس پر سعودی بینک فنڈنگ کیلئے بھی تیار ہے جس پر مزید کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر نے چیئرمین واپڈا سے معاملہ اٹھایا ہے کہ آزادکشمیر کے لوگوں کو مقامی سطح پر تیار ہونے والی بجلی فراہم کی جائے، ہمیں ہماری ضرورت کے مطابق400میگا واٹ بجلی فراہم کی جائے اور اسکی لمپ سمپ رقم لی جائے جس کو ہم اپنی مرضی سے استعمال کرسکیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں