ون ڈے کی نمبر ون ٹیم، شاداب نے مستقبل کی منصوبہ بندی بتا دی

لاہور(انٹرنیوز)افغانستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دیکر پاکستان آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا۔ آئی سی سی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم 119 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، تیسرا نمبر بھارت کا ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد 113 ہے۔ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ٹیم کے اتحاد اور مجموعی کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔

اس حوالے سے سابق و موجودہ کرکٹرز کی جانب سے بھی قومی ٹیم کو سوشل میڈیا پر مبارکباد پیش کی گئی، شاہد آفریدی اور سعید اجمل سمیت متعدد سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔اس حوالے سے قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے آئی سی سی کی نمبر ون ٹیم بننے والے کھلاڑیوں کی تصویر کے ساتھ ایک کیپشن بھی تحریر کیا ہے۔شاداب خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا مجھے اس ٹیم، اس کے فینز اور اس وطن سے پیار ہے، ہم اپنے فینز کی سپورٹ سے نمبر ون پوزیشن پر رہنے کی کوشش کریں گے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے بھی نمبر ون ہوئے تھے مگر پھر نیچے آئے اب دوبارہ ٹاپ پر ہیں،

یہ پوری ٹیم کی محنت اور پرفارمنس کا نتیجہ ہے، جب آپ نمبر ون بنتے ہیں تو کافی خوشی ہوتی ہے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے سارے میچز اچھے کھیلے ہیں، ٹیم میں ہر کوئی ایک دوسرے کو بیک کر رہا ہے، اگر بیٹنگ ناکام ہوتی تو بولرز کام کر جاتے ہیں، پلیئرز کا آپس کا اتحاد ہر صورتحال میں کافی مددگار ثابت ہوتا ہے۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا لوگوں کو لگتا ہے کہ افغانستان آسان حریف ہے لیکن حقیقت مین ایسا نہیں ہے، افغانستان کے پاس دنیا کے بہترین اسپنر ہیں اور افغانستان ایک مشکل حریف ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں