اوپن یونیورسٹی نے انٹرنیشنل طلبہ کے آن لائن امتحان کی تاریخ کا اعلان کر دیا

راولپنڈی(آئی این پی )اوپن یونیورسٹی: انٹرنیشنل طلبہ کے آن لائن امتحانات 11ستمبرسے شروع ہونگے, امتحانات کی نگرانی مائیکرو سافٹ ٹیمز کے ذریعے کیمرے کی مدد سے کی جائے گی۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹربہار 2023ء کے میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں میں داخل انٹرنیشنل طلبہ کے آن لائن(اِن کیمرہ)امتحانات 11ستمبر سے شروع ہوں گے جو 21ستمبر تک جاری رہیں گے۔اِن امتحانات کے لئے یونیورسٹی نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔

یونیورسٹی نے طلبہ کے پورٹلز پر ضروری ہدایات، رول نمبر سلپس اور ڈیٹ شیٹ اپ لوڈ کردی ہیں۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خصوصی ہدایات پر شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے یونیورسٹی امتحانات لینے والے جدید سافٹ ویئرزاور موبائیل ایپس استعمال کرے گی اور اِن امتحانات کی نگرانی مائیکرو سافٹ ٹیمز کے ذریعے کیمرے کی مدد سے کی جائے گی۔ شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق 36سے زائد ممالک سے کم و بیش 450طلبہ نے داخلہ لیا تھاجن کے آن لائن امتحانات شیڈول کردئیے گئے ہیں،اِن ممالک میں اسٹریلیا، روس، جنوبی کوریا، جاپان، چین، برطانیہ، امریکہ، آئرلینڈ، کینیڈا، فرانس، سپین، سویڈن، یونان، بیلجیم، ایسٹونیا، جرمنی، ہنگری، اٹلی، ناروے، پرتگال، ترکیہ،تائیوان، تھائی لینڈ، بوٹسوانا، جنوبی افریقہ، ایران، بحرین، سعودی عربْ ابوظہبی، شارجہ، قطر، عراق، کردستان، اردن، کویت اور عمان شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں