تنخواہوں اور پنشنز میں 100 فیصد اضافہ کر دیا گیا

دمشق (پی این آئی) شامی صدر بشار الااسد نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشنز میں 100 فیصد اضافے کا حکم دے دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق شام کے صدر بشار اسد نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشنز میں 100 فیصد اضافے کا حکم دیا ہے جبکہ 12 سال سے جاری جنگ سے تباہ ہونے والے ملک میں فیول سبسڈی ختم کر دی گئی ہے۔شام کی معیشت 2011 میں شروع ہونے والے تنازعے کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے جس میں 5لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔شامی صدر کے حکم نامے کے مطابق ان لوگوں کی تنخواہوں اور پنشن کو دوگنا کر دیا گیا ہے جو اس وقت اور پہلے سول سروس اور ملٹری میں ملازم تھے۔فیصلے سے قبل سرکاری ملازمین کی ماہانہ تنخواہ شامی پاؤنڈ کی اسٹریٹ ویلیو کے لحاظ سے تقریباً 10 سے 25 ڈالر کے درمیان تھی۔دوسری جانب وزارت تجارت نے پیٹرول پر سبسڈی کو مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔وزارت کے مطابق فیصلے کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت 3ہزارسے بڑھ کر 8ہزارشامی پاؤنڈ ہوگئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں