ہمارے بڑے جو ہیں انھوں نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن فروری میں ہوں گے، راجہ ریاض نے راز فاش کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)سابقہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ انوارالحق کاکڑ کا نام شہباز شریف سے پہلی ملاقات میں دے دیا تھا، مجھے پتہ ہے الیکشن 15 فروری کے آس پاس ہوں گے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے بتایا کہ اختر مینگل کے علاوہ کسی نے انوارالحق کاکڑ کے نام پر اعتراض نہیں کیا، وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم نے نام کسی کو نہیں بتانے، انوارالحق کاکڑ کے نگراں وزیراعظم بننے کی بڑی وجہ بلوچستان ہے۔

انھوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لیے چھوٹے صوبے کو اہمیت دی گئی ہے، سیاسی ورکر ہوں مجھے پتہ ہے الیکشن 15 فروری کے آس پاس ہوں گے۔راجہ ریاض کے مطابق معاشی بحران سے نکلنے کے لیے الیکشن میں کچھ وقت لگتا ہے تو کوئی مسئلہ نہیں، اس وقت سیاست نہیں ریاست کو بچانے کی ضرورت ہے، فائنل یہ ہی ہوا ہے کہ الیکشن کسی صورت آگے نہیں جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے بڑے جو ہیں انھوں نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن فروری میں ہوں گے، سب نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن فروری میں کرا دیے جائیں۔سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میری ابھی کوئی جماعت نہیں، میٹنگ میں فیصلہ کریں گے کیا لائحہ عمل بنانا ہے، ہم 22 سابق ایم این ایز ہیں جمعرات کو میٹنگ رکھی ہوئی ہے، ہم جس طرف بھی جائیں گے 22 ممبران ساتھ جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کے ساتھ کام کیا ہوا ہے، چیزیں سیٹ ہو جائیں گے تو بتا دیں گے، نگراں وزیراعظم بنانے کی حد تک میرا کردار تھا اب گھر آگیا ہوں۔راجہ ریاض نے کہا کہ نگراں کابینہ بنانے میں کون لوگ شامل ہوتے ہیں سب کو پتہ ہے، انوارالحق نے اپنی جماعت بھی چھوڑ دی ہے اور پارٹی رکنیت بھی ختم کردی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں