جہانگیر ترین نے ایک بار پھر سیاسی میدان میں ہلچل مچا دی، کئی رہنمائوں کی شمولیتیں

لاہور ( پی این آئی) جہانگیر ترین نے ق لیگ اور پی ٹی آئی کی کئی اہم وکٹیں گرا دیں۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے اہم رہنمائوں نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے سابق ٹکٹ ہولڈر ارشاد نذیر اور تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری ونگ ڈیوڈ گل، نائب صدر ونگ پی ٹی آئی سمی گل نےاستحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما منصف گل نےمیاں خالد محمود سے ملاقات کر کے پارٹی شمولیت اختیار کر لی ہے، جبکہ سابقہ صدر پی ایس ایف اوکاڑہ رانا علی اور محمد اعجاز نجار نے بھی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو میاں خالد محمود نے خوش آمدید کہا اور پارٹی پرچم کے مفلر بھی گلے میں پہنائے۔

ادھر سابق رکن قومی اسمبلی منزہ حسن نے 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعات کی وجہ سے خود کو تحریک انصاف سے الگ کرنے کا اعلان کرتی ہوں،9مئی کو جو کچھ بھی ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔بتایا گیا ہے کہ منزہ حسن ان دنوں بیرون ملک مقیم ہیں اور وطن واپسی پر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close