مظفر آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ فلسفہ شہادت حسینؓ اس بات کا درس دیتا ہے کہ مسلمان کلمہ حق کیلئے کسی چیز کی پرواہ نہ کریں اگر انہیں جان بھی قربان کرنا پڑھ جائے تو اس سے دریغ نہ کریں امام عالیٰ مقام نے کربلا میں حق وسچائی پر ہر حال میں کاربند رہنے،ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے،برداشت تحمل،حریت واخلاص کا درس دیا اور عملی مظاہرہ کیا۔ شہدائے کربلا کی قربانی رہتی دنیا تک کے انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے،شہدائے کربلا نے حریت وخلوص کا جو پیغام دیا ہے یہ دنیا بھر کے مظلوم ومحکوم انسانوں کے لئے زریعہ ہدایت ہے۔
واقعہ کربلا تاریخ اسلام کا ناقابل فراموش واقعہ ہے جب حضرت امام حسین ؓ اور اْن کے جانثاران نے دین مصطفی کی سربلندی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے اور قربانیوں کی ایسی تاریخ رقم کی جس کی تاریخ انسانی میں مثال نہیں ملتی۔آج اس مقدس موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی قومی زندگی میں اخوت، ہم آہنگی اور قربانی کے جذبے کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صفوں میں نظم و ضبط اور یک جہتی پیدا کریں گے اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے امام عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کی پاکیزہ مثال کو اپنے سامنے رکھیں تو مجھے پورا یقین ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں