نائیجر میں فوج نے صدر بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ دیا

اسلام آباد(پی این آئی)افریقی ملک نائیجر میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ افریقی ملک نائیجر کی فوج نے نیشنل ٹی وی پر آکر حکومت کا تختہ اُلٹنے کا اعلان کیا۔ مؤقف اختیار کیا کہ بگڑتی سیکیورٹی صورتحال اور خراب گورننس کو دیکھتے ہوئے حکومت ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ اعلان میں فوج کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ آئین تحلیل کردیا گیا۔ تمام ادارے معطل اور سرحدیں بند کردیں اور کرفیو نافذ کردیا گیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق اس سے قبل مسلح دستوں نے صدارتی محل کی ناکہ بندی کرکے صدر کو حراست میں لے لیا تھا۔ ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ صدر محمد بازوم کو ان کے گارڈز نےاغوا کیا۔ جن سے مذاکرات کیے جارہے ہیں۔دوسری جانب دارالحکومت نیامے میں صدر محمد بازوم کے حامی سڑکوں پر آگئےاور رہائی کا مطالبہ کیا۔ امریکی وائٹ ہاوس اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بغاوت کی مذمت مذمت کرتے ہوئے صدر کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں