ڈی آئی جی شارق جمال کی پر اسرارموت، کون سے دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا؟

لاہور( آئی این پی)پنجاب پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل شارق جمال پراسرار طور پر انتقال کر گئے۔پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی جی شارق جمال کی لاش تھانہ نشتر کی حدود میں واقع ایک فلیٹ سے ملی ،پولیس نے ایک مرد اور خاتون کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی شارق جمال تھانہ نشتر کی حدود میں واقع فلیٹ میں پراسرار طور پر انتقال کر گئے ،

شارق جمال کو نیشنل ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی شارق جمال کی بیوی اور بیٹی بھی ہسپتال پہنچ گئیں، دونوں کی موجودگی میں ڈی آئی جی کی میت کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح ہسپتال مردہ خانہ منتقل کیا گیا۔شارق جمال کی موت کے سلسلے میں پولیس کی تحقیقاتی اور فارنزک ٹیم فلیٹ پر پہنچی اور اہم شواہد جمع کئے جبکہ شارق جمال کی ڈیڈ باڈی نیشنل ہسپتال پہنچانے والی ایک خاتون اور مرد کو حراست میں لے لیا گیا، تھانہ ڈیفنس اے میں حراست میں لی گئی خاتون اور مرد سے دو گھنٹے تک تحقیقات ہوتی رہیں جس میں پولیس کے اعلی افسران خود بھی موجود رہے جبکہ مرد و خاتون سے مزید تحقیقات کیلئے انہیں سی آئی اے منتقل کردیا گیا، پولیس حراست میں لی گئی خاتون اور مرد دونوں کی شناخت سمیت دیگر اہم معلومات چھپا رہی ہے۔شارق جمال ڈی آئی جی ٹریفک اور ڈی آئی جی ریلوے بھی تعینات رہے جبکہ وہ کچھ عرصہ قبل ہی گریڈ 21 میں ترقی کے لیے کورس کر کے آئے تھے اور ان دنوں آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں