ورلڈکپ سے پہلے کپتان نے اچانک استعفیٰ دیدیا

ڈھاکہ (پی این آئی ) بنگلہ دیش کے کپتان تمیم اقبال نے اچانک انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق تمیم اقبال کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیاہے جب بنگلہ دیش کو افغانستان کے تین ون ڈے میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ورلڈ کپ میں بھی صرف تین مہینے ہی باقی ہیں ۔پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران 34 سالہ تمیم اقبال نے نم آنکھوں کے ساتھ اپنے 16 سالہ کیریئر کے اچانک اختتام کا اعلان کیا ، انہوں نے 241 ون ڈے میچز کھیلے جن میں 36.62کی اوسط سے 8 ہزار 313 رنز بنائے جن میں 14 سینچریاں اور 56 نصف سینچریاں شامل ہیں ۔

تمیم اقبال نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ” یہ میرے لیے اختتام ہے ، میں نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا، میں نے اپنی بھر پور کوشش کی ، میں اسی لمحے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہاہوں ، گزشتہ روز افغانستان کے خلاف میرا میچ آخری تھا، یہ اچانک لیا گیا فیصلہ نہیں ہے ، میں بہت سی وجوہات کی بنیاد پر اس بارے میں سوچ رہا تھا ، جنہیں میں یہاں بتانا مناسب نہیں سمجھتا ، میں نے اس بارے میں اپنی فیملی سے بھی بات چیت کی ہے ، میں سمجھتاہوں کہ ریٹائرمنٹ کیلئے یہ بہترین وقت ہے ۔“انہوں نے کہا کہ ” میں اپنے تمام ساتھیوں ، کوچز اور بورڈ آفیشلز کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں ، اپنے فیملی ممبرز اور ان لوگوں کا بھی جو اتنے لمبے سفر میں میرے ساتھ رہے ، انہوں نے مجھ پر یقین رکھا ، میں مداحوں کا بھی شکر گزار ہوں ، آپ کی محبت اور یقین نے مجھے اس قابل بنایا کہ میں بنگلہ دیش کیلئے بہترین کھیل سکوں ، میں اپنی زندگی کے نئے باب میں آپ کی دعاؤں کا طلبگا ہوں ، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا “ ۔اس سے قبل 17 جون 2022 کو تمیم اقبال نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم انٹر نیشنل کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کی وجہ تاحال نامعلوم ہے لیکن ایسا کہا جارہاہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کے کوچ چندھیکا اور بورڈ کے صدر نظم الحسین سے ہونے والا جھگڑا ان کی ریٹائرمنٹ کی وجہ بنا ہے ۔سننے میں آ رہاہے کہ تمیم اقبال کی ریٹائرمنٹ کی خبر سن کر صدر نظم الحسن ناراض ہیں اور وہ کپتان سے اس بارے میں بات چیت بھی کریں گے ، بہر حال اب تو انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیاہے اور جب تک بات چیت نہیں ہوتی اس وقت تک تو وہ ریٹائر ہی ہیں ، بنگلہ دیش کی جانب سے فی الحال نئے کپتان کا نام سامنے نہیں آ سکا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں