وفاقی حکومت کا 7 جولائی کو یوم تقدیس قرآن منانے کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے سویڈن واقعے کیخلاف 7جولائی کو یوم تقدیس قرآن منانے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں7جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جمعہ 7جولائی کو سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔تمام جماعتوں سمیت پوری قوم کو احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ پوری قوم یک زبان ہوکر شیطان ذہنوں کو پیغام دے گی۔جمعے کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت کیلئے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔وزیراعظم نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل بنایا جائے گا،پارلیمنٹ کے فورم سے قوم کے جذبات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشترکہ قرارداد منظور کی جائے۔ اس موقع پر ویراعظم نے مسلم لیگ ن کو جمعے کے دن بھرپور طریقے سے یوم تقدیس قرآن منانے اور احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بطور صدر مسلم لیگ ن پارٹی کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قرآن کریم کی حرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کیلئے ہم سب ایک ہیں۔گمراہ ذہن اسلامو فوبیا کا منفی رجحان پھیلا کر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ اسی طرح گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں انتہائی قبیح واقعہ ہوا ہے، قرآن پاک کی ایک بار پھر بے حرمتی کی گئی ہے، پوری ملت اسلامیہ، پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان بھرپور شدت سے مذمت کرتی ہے، مطالبہ ہے کہ فی الفور بغیر کسی کے تاخیر کے مجرموں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جانی چاہیے، بدقسمتی سے یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی دلخراش واقعات پیش آئے۔ سویڈن میں جو مسلمان بستے ہیں، جو اقلیت میں ہیں، اسلامو فوبیا کا مقصد نفرت اور تقسیم کا ایک جو وہاں بیانیہ بنایا گیا ہے، اس کو پاکستان کی حکومت نہ صرف مذمت کرتی ہے، بلکہ سویڈن حکومت سے مطالبہ کرتی ہے، ان واقعات کا فوری نوٹس لے۔ اس بات کا بڑا اطمینان ہے کہ اوآئی سی ہنگامی اجلاس بلایا اور اس قبیح حرکت کی مذمت کی گئی، اور مجرمان کے خلاف کاروائی سمیت آئندہ ایسے واقعات روکنے کا مطالبہ کیا۔ اوآئی سی کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔ ہم اپنی وزارت خارجہ کے ذریعے اس کا فالو کریں گے۔ دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی منافرت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی قوانین کو بروئے کار لایا جائے۔

یہ بیان سعودی عرب کے شہر جدہ میں تنظیم کے ایک غیر معمولی اجلاس کے بعد جاری کیا گیا، اس اجلاس میں سویڈن میں عیدالاضحیٰ کے موقع پرقرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے اور اس کے مضمرات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری بیان میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی قانون کے فوری اطلاق کے بارے میں بین الاقوامی برادری کو مسلسل یاد دہانی کرانی چاہیے، یہ قانون واضح طور پر مذہبی منافرت کی وکالت کی ممانعت کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close