چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی چھ مقدمات میں درخواست ضمانت میں 10 جولائی تک توسیع کر دی گئی۔عمران خان مختلف مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے لیے آج اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان آج صبح لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوئے تھے۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی دہشتگردی کے تین مقدمات میں ضمانت میں 10 جولائی تک توسیع کی۔ توشہ خانہ نیب کیس میں پانچ لاکھ روپے مچلکوں کے عوض عمران خان کی عبوری ضمانت 13 جولائی تک منظور کی گئی۔ القادر ٹرسٹ کیس میں بھی عمران خان کی ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کی گئی۔ دن بارہ بجے کیس کی سماعت ہو گی جس میں حتمی دلائل ہوں گے۔اس سے قبل نیب راولپنڈی نے چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 26جون کوطلب کیا تھا۔ نیب لاہور اور نیب راولپنڈی کی دو رکنی ٹیم چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی طلبی کا نوٹس لے کر زمان پارک پہنچی، نوٹس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو 26جون کو نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ۔ نیب نوٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ جبکہ بشریٰ بی بی کو القادر ٹرسٹ کیس میں طلب کیا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل علی اعجاز بٹر نے طلبی کا سمن وصول کیا۔ علاوہ ازیں توشہ خانہ اسکینڈل کی نیب انکوائری سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف نے نیب کو تحریری جواب جمع کروایا تھا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے توشہ خانہ انکوائری میں نیب کے دائرہ اختیار کو چیلنج بھی کر دیا ۔ قانون کے مطابق 50 کروڑ روپے سے کم رقم کے کیس پر نیب کا دائرہ اختیار نہیں۔عمران خان نے تحریری جواب میں کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف کی قیمت کا تعین کابینہ ڈویژن کا کام ہے،چیئرمین تحریک انصاف نے بطور وزیراعظم تحائف کی مالیت کا تعین نہیں کرایا، چیئرمین تحریک انصاف پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام درست نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close