لاہور (پی این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آف سپنر سعید اجمل نے الزام لگایا ہے کہ ورلڈکپ 2011ء کے سیمی فائنل میچ میں بھارتی بیٹر سچن ٹنڈولکر کو آئوٹ ہونے سے بچانے کے لیے ڈی آر ایس کے آخری دو فریم کٹ کیے گئے تھے۔ معروف یوٹیوبر نادر علی کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق آف سپنر سعید اجمل نے کہا کہ ورلڈ کپ 2011ء کے سیمی فائنل میں سچن ٹنڈولکر کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا تھا لیکن انہوں نے ریویو لیا جس میں انہیں بچانے کیلئے آخری دو فریم کٹ کیے گئے حالانکہ وہ وکٹ کے بلکل سامنے موجود تھے اور کلئیر آؤٹ تھے۔
یاد رہے کہ موہائی میں کھیلے گئے میچ میں ٹنڈولکر نے 115 گیندوں پر 85 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 260 رنز بنانے میں مدد دی تھی، قومی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 231 رنز بنا سکی اور 29 رنز سے سیمی فائنل ہار گئی۔سابق آف سپنر نے اپنا آخری ون ڈے بنگلہ دیش کے خلاف شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں 19 اپریل 2015ء کو کھیلا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی نے سعید اجمل کے ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا تھا تاہم ان کا ہمیشہ سے یہ موقف تھا کہ اگر وہ بھارتی پلئیر ہوتے تو شاید اب تک ان کی 1000 ہزار سے زائد وکٹیں ہوتیں ، سازش کے تحت ان کا کیرئیر جلدی ختم کیا گیا۔سعید اجمل نے 2008ء سے 2015ء تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے انٹرنیشنل اور 64 ٹی ٹونٹی میچز میں بالترتیب 178، 184 اور 85 وکٹیں اپنے نام کیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں