قومی ٹیم میں واپسی، عمر اکمل نے اپنی خواہش کا اظہار کر دیا

لاہور (پی این آئی ) مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے کہا کہ وہ ایک بار پھر قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ وہ ذاتی ٹرینرز کے ساتھ اپنی فٹنس اور کھیل پر سخت محنت کر رہے ہیں۔

 

 

 

 

انہوں نے کہا کہ میں سلمان قادر اکیڈمی میں سخت تربیت کر رہا ہوں جسے میرے سسر عبدالقادر نے بنایا تھا،”میں ہر چیلنج کے لیے خود کو تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔میں ذاتی ٹرینرز کے ساتھ اپنی فٹنس پر کام کر رہا ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یقیناً میں پاکستان کے لیے دوبارہ کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔ عمر اکمل آخری بار پاکستان کے لیے 2019ء میں قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں سری لنکا کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے تھے۔آئندہ لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں کھیلنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ یہ فرنچائز مالکان پر منحصر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ایل پی ایل کے لیے دستیاب ہوں۔ یہ ٹیموں پر منحصر ہے کہ وہ مجھے چنتی ہیں یا نہیں۔ میں اس کا منتظر ہوں۔ دریں اثناء عمر اکمل نے ان کھلاڑیوں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جو اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بینر تلے خصوصی تربیتی کیمپ میں شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “کھلاڑی کیمپ میں بہت محنت کر رہے ہیں۔ میں نے ذاتی طور پر انہیں اس گرم موسم میں کوشش کرتے ہوئے دیکھا ہے۔” مجھے امید ہے کہ ان کھلاڑیوں کو ان کی محنت کا صلہ ملے گا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اس وقت سپنرز کے لیے خصوصی کیمپ جاری ہے۔ فاسٹ باؤلرز کا کیمپ 16 جون سے شروع ہو گا۔ دونوں کیمپوں میں بلے باز شرکت کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں