عوام کیلئے ایک اور بڑا ریلیف، ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی بڑی کمی کر دی

اسلام آباد ( پی این آئی) شہریوں کیلئے ایک اور اچھی خبر،ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرول،ڈالر اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایل پی جی کے نرخ بھی کم کر دئیے گئے ہیں۔

ایل پی جی کی فی کلو قیمت 37 روپے 13 پیسے کم کر دی گئی،ایل پی جی کے نرخ میں کمی کا نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 196 روپے 75 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ایل پی جی کے گھر یلو سلنڈر کے نرخ میں 438 روپے 22 پیسے کمی کی گئی،ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2321 روپے مقرر کی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمرشل سلنڈر کے بھاؤ میں1686 روپے کمی کر دی گئی،کمرشل سلنڈر کی نئی قیمت 8 ہزار 933 روپے مقرر کی گئی۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق جون کیلئے ہو گا۔ دوسری جانب لاہور میں چکی آٹا کی فی کلو قیمت میں 20 روپے تک کمی کردی گئی ہے۔چکی آٹے کی فی کلو قیمت 150 روپے مقرر کی گئی ۔اوپن مارکیٹ میں بھی گندم کی فی من قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 4300 روپے مقرر کی گئی ۔ چکی آنرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت کم ہوگی تو آٹے کا ریٹ بھی کم ہوگا۔جب کہ حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی قیمت میں 68 روپے تک کی کمی کردی ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج سے ہو گا، گھی کی فی کلو قیمت میں 68 روپے تک کمی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی برانڈڈ گھی کی قیمت میں 69 روپے فی کلو کی کمی کی گئی تھی جبکہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی 18 روپے سے لیکر 76 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close