چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتار پر بیٹے مونس الٰہی کا ردِ عمل بھی آگیا، والد نے گرفتاری سے پہلے کیا کہا تھا؟ مونس الٰہی کا اعلان

لاہور (پی این آئی) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ پولیس نے میرے والد کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا ہے، جنوری سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا تھا، ہم پی ٹی آئی میں ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے والد پرویزالٰہی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جنوری سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا تھا تب میرے والد نے مجھے یہ کہا تھا کہ چاہے مجھے بھی گرفتار کر لیں ہم نے عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔ 3 دن پہلے میرے والد اور والدہ نے یہی چیز دہرائی۔ اب کہا جا رہا ہے کہ پولیس نے میرے والد کو جھوٹے مقدموں میں گرفتار کیا ہے۔ ہم انشا ءاللہ پی ٹی آئی میں ہیں اور رہیں گے۔ یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس ان کی ضمانت خارج ہونے پر گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی تھی ، جبکہ چودھری پرویزالٰہی کچھ روز سے روپوش تھے۔ اس سے قبل پولیس نے ان کے گھر کے سامنے سکول کی بھی تلاشی لی تھی، پولیس کو موبائل لوکیشن مل رہی تھی کہ وہ اسی علاقے میں موجود ہیں، پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے وہاں ناکہ لگایا ہوا تھا۔تاہم چودھری پرویزالٰہی آج جب ظہور الٰہی روڈ پراپنے گھر سے نکل کر گاڑی میں جارہے تھے کہ پولیس نے گاڑی روک کر انہیں گرفتار کیا ہے۔چودھری پرویزالٰہی کو ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

یاد رہے چودھری پرویزالٰہی کیخلاف کرپشن کے مقدمات تھے، پرویزالٰہی پر ترقیاتی اسکیموں میں کک بیکس لینے کے الزامات ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش نہیں ہوئے تھے، گوجرانوالہ کی اینٹی کرپشن عدالت نے ان کی عبوری ضمانت خارج کی تھی۔ عدالت نے انہیں گرفتار کرکے 2جون کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ نگران وزیراطلاعات عامر میر نے اپنے مئوقف میں کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، پرویزالٰہی گھر سے فرار ہوتے ہوئے پکڑے گئے، وہ اینٹی کرپشن کیس میں پولیس کو مطلوب تھے اور مفرور تھے،آج گھر سے دو گاڑیاں نکلیں ایک گاڑی میں پرویزالٰہی تھے اور دوسری گاڑی میں خواتین تھیں، پولیس نے گاڑی کو ناکے پر روکا کہ چیک کرنی ہے، ان کی گاڑی بلٹ پروف تھی وہ گاڑی کا دروازہ نہیں کھول رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے آج بھی گرفتاری نہ دینے کی مزاحمت کی، مزاحمت کرنے پر ڈرائیور سائیڈ کا شیشہ توڑا گیا تو اندر سے پرویزالٰہی برآمد ہوئے۔ چودھری پرویزالٰہی چھپنے کے ماہر ہیں وہ آج فرار ہوتے پکڑے گئے، اگر وہ گھر سے باہر نہ نکلتے تو شاید کچھ اور دن نہ پکڑے جاتے۔

جب انہیں گرفتار کرنے کی پہلی کوشش کی گئی تو بڑی بدمزگی ہوگئی تھی ، توڑ پھوڑ ہنگامہ آرائی ہوئی تھی۔اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن کیس کی رپورٹ دیں گے۔ ان کو اینٹی کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری مونس الٰہی بھی کیسز میں مطلوب ہیں،ان کو تفتیش کیلئے بلایا جاتا ہے لیکن وہ یورپ میں مقیم ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں