مظفرآباد (آئی اے اعوان) پاکستان بھر کی طرح آزاد کشمیر میں یوم تکریم شہداء پاکستان اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایاگیا کہ پاکستان کی سلامتی کشمیر کی آزادی کیلئے شہدائے وطن کے نقش قدم پرچلتے ہوئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ملک دشمن اور شرپسند عناصر کی ہرسازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
مظفرآبادسمیت آزاد کشمیر بھر میں وطن عزیز پاکستان کیلئے قربانیاں پیش کرنے والے عظیم شہداء کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ””یوم تکریمِ شہداء پاکستان”” انتہائی عقیدت اور ملی جوش و جزبے سے منایا گیا۔ اس حوالے سے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے ””جموں کشمیر مونومنٹ”” پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں کور کمانڈر راولپنڈی نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔ کور کمانڈر نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور ملک کی ترقی، خوشحالی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری آزاد کشمیرڈاکٹر محمد عثمان چاچر اور آئی جی پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے بھی یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔ اس تقریب میں پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے ورثاء، تعلیمی اداروں کے بچوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی کور کمانڈر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی، رینجرز، ایئر فورس، نیوی، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں سمیت مسلح افواج کے جوانوں اور افسران نے اپنی بہادری اور قربانیوں کی بدولت پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے کیونکہ ہماری تاریخ میں اُنہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں جذبہ حب الوطنی اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس آزاد کشمیر نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور مادر وطن پر جان قربان کرنے پر انھیں سلام ِعقیدت پیش کیا۔ تقریب کے شرکاء نے شہدائے پاکستان کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء اور ان کے ورثا سے اظہار تشکر کیا۔ تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم اپنے بہادر شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے، ہمیشہ ان کی عزت کریں گے اور قوم کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں