کراچی (پی این آئی) سینئر پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اگر اب میری گرفتاری کا نمبر ہے تو قیادت کا جھنڈا کسی اور کے پاس جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، ممکن ہے کہ رات کو قیادت کا جھنڈا کسی اور کے پاس ہو۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں،یہ اقدام غیر اخلاقی، غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، عمران خان کی گرفتاری کے تانے بانے لندن سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک کے لیے جاتے ہوئے گاڑی میں ویڈیو ریکارڈ کی اور اپنے خدشات کا اظہار کیا، چیئرمین نے تو خود گرفتاری دینے کا بھی کہا تھا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں، اُن کی گرفتاری کے بعد عوام نے از خود مختلف مقامات پر احتجاج شروع کردیے ہیں۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ لاقانینت کے خلاف ہم کو سر اٹھانا ہوگا اور اس کو رکوانا ہوگا۔
اس کے بعد ہی ملک مستحکم اور معاشی طور پر خوش حال ہوگا۔شاہ محمود قریشی نے مزید وضاحت کی کہ میری اہلیہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، اُن کی تیمارداری کے لیے یہاں موجود تھا تاہم اب میں اسلام آباد روانہ ہورہا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں