مئیر کراچی کا انتخاب، پی ٹی آئی کنگ میکر پوزیشن میں آگئی، پیپلزپارٹی کی حمایت پر دوٹوک موقف

کراچی(پی این آئی) کراچی کے میئر کے انتخاب کا معاملہ، تحریک انصاف “کنگ میکر” پوزیشن میں آگئی، میئر کے انتخاب معاملے پر پی ٹی آئی کا پیپلز پارٹی کے سوا تمام سیاسی جماعتوں کیلیے دروازے کھلے رکھنے کا فیصلہ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے میئرکیلئے پاکستان تحریک انصاف کنگ میکر پوزیشن پر آگئی۔بلدیاتی الیکشن کے بعد میئر کراچی کیلئے 124ووٹوں کی سادہ اکثریت کسی جماعت کے پاس نہیں ہے۔ میئر کراچی کے معاملے پر پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے سوا تمام سیاسی جماعتوں کیلیے دروازے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے صدر پی ٹی آئی کراچی آفتاب صدیقی نے کہا کہ جماعت اسلامی سمیت جسے بھی حمایت چاہیے وہ رابطہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں حمایت چاہیے وہ ہماری جماعت اور اعلی قیادت کے خلاف غلط گفتگو نہ کرے۔ آفتاب صدیقی نے کہا کہ جس جماعت کو بھی ہماری حمایت حاصل ہوگی وہ مئیر کراچی بنانے کی پوزیشن میں ہوگی۔

جبکہ تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈرخرم شیرزمان نے سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے 15 سال کے اندرپیپلزپارٹی نے ایسا کیا کر دیا ہے کہ کراچی سے ووٹ لئے ہیں؟ پیپلزپارٹی مینڈیٹ چوری کرتی ہے، ضمنی بلدیاتی الیکشن ایس ایچ اوزکے ذریعے کرائے گئے،ہم موجودہ نتائج کومستردکرتے ہیں،مطالبہ کرتے ہیں کہ دوبارہ انتخابات کروائے جائیں،الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان افسران کوہٹایاجائے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع وسطی میں ڈبےپکڑے گئے،سب پرتیرکے نشان لگے ہوئے تھے،عمران خان اسی وجہ سے کہتے تھے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے الیکشن ہوں،میڈیاکوخراج تحسین پیش کرتاہوں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے دن کی بہترعکاسی کی گئی۔

اس نظام کے تحت جنرل الیکشن ہوئے توکوئی بہتری نہیں آسکتی،پہلے ایک سیاسی جماعت کی انگلی پکڑ کرشہرکے امن کوخراب کیاگیا،اب ایک بارپھرپیپلزپارٹی کی انگلی پکڑی گئی ہے۔خرم شیرزمان نے کہاکہ مئیرکراچی کے لیے منڈی لگ رہی ہے،ہمارے منتخب نمائندوں کوبھی آفرزآرہی ہے،کہاجارہاہے ہاتھ بھی نہ اٹھائیں،بیماری کابہانہ کردیں،ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہوئے ہیں،سب سیاسی جماعتیں اپناشہرکی بہتری کاپلان پیش کریں، حمایت پرغورکریں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں