کراچی قونصلیٹ میں تعلیمی ویزہ کی کتنی درخواستیں موصول ہوئی ہیں؟ اٹلی کے قونصلر جنرل نے انکشاف کر دیا

کراچی(آئی این پی)جامعہ کراچی اور دواطالوی جامعات کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منگل کے روز ایل ای جے جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی ۔مفاہمتی یادداشت پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی اور کراچی میں تعینات اطالوی قونصل جنرل دانیلوجیوردانیلانے دستخط کئے۔اس موقع پر سندھ حکومت کے ترجمان ومشیر برائے وزیراعلیٰ سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب ،روئسائے کلیہ جات،صدورشعبہ جات واساتذہ بھی موجودتھے۔

اطالوی قونصل جنرل دانیلوجیوردنیلا(Danilo Giurdanella) نے کہا کہ جامعہ کراچی سے تعلیمی اشتراک کے خواہاں ہیں ،پاکستانی طلبہ اٹلی میں اعلیٰ تعلیم کے لئے بڑی تعداد میں جارہے ہیں ،صرف کراچی قونصلیٹ میں اس سال 1000 طلبہ نے تعلیمی ویزے کی درخواستیں جمع کرائی ہیں ۔ اٹلی میں 90 فیصدجامعات سرکاری ہیں جس کی وجہ سے فیسیں انتہائی کم ہیں ۔جامعہ کراچی کے ساتھ مشترکہ ڈگری پروگرامزاور تحقیقی کام کرنا چاہتے ہیں جس میں محققین کے ایکسچینج پروگرام بھی شامل ہیں۔بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمیں معاشرے کی منفی چیزوں کو اُبھارنے کے بجائے مثبت چیزوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔اٹلی کے قونصل جنرل جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں پی ایچ ڈی کے طالبعلم بھی ہیں ۔جامعہ کراچی ایک عظیم درسگاہ ہے جس میں غیر ملکی طلبہ کی بڑی تعداد زیر تعلیم ہے۔ہمارے نوجوانوں کو مہارت کی ضرورت ہے اور اٹلی ہمارے نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں تاکہ وہ اپنی اسکلزکو نکھارسکیں ،اس سے دونوں ممالک کے تعلقات بھی بہتر ہوں گے اور پاکستان کو زرمبادلہ بھی ملے گا۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی میں ترکیہ زبان کے مرکزکے قیام کے بعد اب مختلف بین الاقوامی جامعات کے ساتھ اشتراک کررہے ہیں جس کا مقصد تعلیم کے ساتھ ساتھ پاکستانی ثقافت اور ان تمام سرگرمیوں کے ذریعے تحقیق کا فروغ بھی ہے۔ میں اطالوی قونصل جنرل کی ذاتی کا وشوں پر ان کا مشکور ہوں۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی زبانوں کا سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کو ہم نظر انداز کررہے ہیں ۔جامعہ کراچی میں مختلف بین الاقومی زبانوں کے لینگویج سینٹر کھولے جائیں گے میں بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کا بھی بیحد مشکور ہوںجو صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اس کے ساتھ ساتھ میں وزیر اعلیٰ سندھ کا بھی شکرگزار جنہوں نے جامعہ کراچی کی گرانٹ میں اضافہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں