عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان میں رابطوں سے متعلق تہلکہ خیز خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) عمران خان کا اب بھی محمد بن سلمان سے رابطہ ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے آپسی تعلقات سے متعلق اہم انکشاف کیا۔

اسد عمر نے بتایا کہ عمران خان اور محمد بن سلمان کے درمیان اب بھی روابط قائم ہیں۔ وزیر آباد قاتلانہ حملے کے بعد بیرون ملک سے سب سے پہلے سعودی ولی عہد نے ہی چئیرمین پی ٹی آئی سے رابطہ کیا تھا۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں محمد بن سلمان کے ضامن ہونے سے متعلق سوال پر اسد عمر نے کہا کہ اگر بداعتمادی بہت بڑھ جائے تو کسی ضامن کا ہونا اچھی بات ہے، تاہم ابھی معاملات ایسے نہیں ہیں کہ محمد بن سلمان کو ضامن بنایا جائے۔ جبکہ حکومت کے ساتھ مذاکرات منگل تک ملتوی ہونے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ پیر تک تعطیلات ہیں، مذاکرات کا پیر تک ہی کوئی نتیجہ آنا چاہیے تھا۔ اگر پیر تک مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں آتا تو پھر منگل کو حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست جانی چاہیے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ حکومتی الزامات کے بعد سوشل میڈیا پر عمران خان کے سعودی ولی عہد سے تعلقات خراب رہنے کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جس پر حال ہی میں اس حوالے سے عمران خان نے بھی تصدیق کی تھی کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اب بھی ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد حسن سید بھی اس بات کا انکشاف کر چکے ہیں کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آپس میں رابطے میں ہیں، جبکہ عمران خان نے امریکا کے ساتھ بھی تعلقات بہتر کر لیے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close