پولیس وردی میں ملبوس ڈاکو غیر ملکی شہری سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

کراچی(آئی این پی)کراچی کے پریڈی تھانے کی حدود سے غیر ملکی شہری کو لوٹ لیا گیا، پولیس وردی میں ملبوس نامعلوم ملزمان 11 لاکھ روپے نقد رقم لوٹ کر فرار، مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ ترک انجینئر نے بتایا کہ عبداللہ ہارون روڈ پرپولیس وردی میں ملبوس ملزمان نے چیکنگ کے بہانے بیگ لیا اور فرار ہوگئے، بیگ میں 11 لاکھ سے زائد پاکستانی، 2 ہزار ترکش لیرا اور دیگر ضروری کاغذات موجود تھے۔

پولیس کے مطابق واقعہ صدر کے علاقے عبداللہ ہارون روڈ پر اس وقت پیش آیا جب متاثرہ ترک شہری اپنی گاڑی پارک کر کے رقم لے کر پیدل منی ایکسچینج جا رہا تھا۔نوسربازی کے اس واقعے میں پولیس کی وردی میں ملبوس ملزمان پرائیویٹ کرولا کار میں سوار تھے جو واردات کے دوران اپنی کار سے باہر نہیں نکلے۔پولیس کا کہنا تھا کہ نوسربازوں نے ترک شہری کو روک کر پوچھ گچھ کے دوران رقم سے بھرا تھیلا چیک کرنے کے بہانے لیا اور فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق متاثرہ ترک شہری کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے، ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close