حکومت کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں، شاہ محمود قریشی نے اسمبلی میں آنے کی اجازت طلب کر لی

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کرانے کا فیصلہ کرے تو ان کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں،مجھے اسمبلی میں آنے کی اجازت دے دیں، حکومت الیکشن سے بھاگنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے،تحریک انصاف نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم فسطائیت، لاٹھیاں اور جبر کو برداشت کریں گے لیکن آئین کا دفاع کریں گے،

عمران خان آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے ہر کسی کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں،چیلنج کرتا ہوں کہ کسی میں ہمت ہے تو عدالت کے حکم کے خلاف جا کر دکھائے،عمران خان گرفتاری دینے کیلئے تیار تھے ،پولیس نے ان کے گھر کے اندر شیلز پھینکنا شروع کر دیئے ، ہماری نیت لڑائی کی نہیں تھی لیکن حکومت چاہتی تھی کہ وہاں لاشیں گریں،پارلیمنٹ میں جوائنٹ سیشن بلانے کی ضرورت کی سمجھ نہیں آئی، آج ملک معاشی طور پر ڈوب گیا ہے اور عوام کی حالت ابتر ہو چکی ہے، ان مسائل پر تو کوئی بات نہیں کی، اجلاس میں صرف ججز کیخلاف باتیں کی گئی ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت الیکشن کرانے کا فیصلہ کرے تو ان کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی تقریر توہین عدالت ہے، اگر کسی جانب سے عدالت پر دبائو ڈالنے کی کوشش کی گئی تو آئین اور عوام ساتھ کھڑے ہو جائیں گے،وکلاء کی بڑی تعداد بھی عدالت کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان دیانتدار شخص ہیں وہ کبھی پریشرائز نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے عدالت کو دبائو لانے کی کوشش کی تو اپنا حشر دیکھ لے گا، آج میں چیلنج کرتا ہوں کہ کسی میں ہمت ہے تو عدالت کے حکم کے خلاف جا کر تو دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے آج پارلیمان میں کہا کہ آئیں ہماری رہنمائی کریں، حاضر ہیں آپ مجھے اسمبلی میں آنے کی اجازت دے دیں، ہماری اسمبلی میں اکثریت ہے، عمران خان نے مجھے اپوزیشن آف دی لیڈر نامزد کیا ہوا ہے، ہم آ کر آپ کی رہنمائی کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم فسطائیت، لاٹھیاں اور جبر کو برداشت کریں گے لیکن آئین کا دفاع کریں گے، عمران خان آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے ہر کسی کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان گرفتاری دینے کیلئے تیار تھے لیکن پولیس کی جانب سے پہلے ہی ان کے گھر کے اندر شیلز پھینکنا شروع کر دیئے گئے تھے، ہماری نیت لڑائی کی نہیں تھی لیکن حکومت چاہتی تھی کہ وہاں لاشیں گریں،حکومت الیکشن سے بھاگنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جوائنٹ سیشن بلانے کی ضرورت کی سمجھ نہیں آئی، آج ملک معاشی طور پر ڈوب گیا ہے اور عوام کی حالت ابتر ہو چکی ہے، ان مسائل پر تو کوئی بات نہیں کی، اجلاس میں صرف ججز کیخلاف باتیں کی گئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں