الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس، عام انتخابات کیلئے ٹیکنیکل حوالے سے بریفنگ دیدی گئی

اسلام آباد (آئی این پی)الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن، سپیشل سیکرٹری ،ایڈیشنل سیکرٹری کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جنرل الیکشن 2023 کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی آئی ٹی ٹیم اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے افسران کی جانب سے مختلف آئی ٹی پراجیکٹس پر الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی گئی۔

ان پراجیکٹ میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (EMS)بھی شامل ہے جس کیتحت ریٹرننگ افسران کو نتائج کومرتب کرنے میں سہولت میسر آئے گی ۔ اور ان نتائج کو رینٹرننگ افسران کے دفاتر ، صوبائی الیکشن کمشنروں کے دفاتر اور الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں لائیو سکرینوں کے ذریعے میڈیا اور امیدواروں کو دکھانے کی سہولت میسر ہوگی۔ اس کے علاوہ الیکشن میجمنٹ کنٹرول سنٹر کے قیام پربھی الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا ۔ جس کا مقصد پولنگ سے پہلے ، پولنگ والے دن اور پولنگ کے بعد تمام انتخابی مرحلوں کو مانیٹر کرنا ہے ۔ بریفنگ میں کمیشن کو ریٹرننگ افسران کو سکروٹنی کے دوران انکی سہولت کے لئے قائم کردہ Scrutiny Facilitation Center کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ اس سسٹم کے تحت مختلف محکموں جیسے کہ سٹیٹ بینک ، ایف آئی اے ، نیب، نادرا اور ایف بی آر کے اشتراک سے آن لائن سسٹم بنایا گیا جس کے ذریعے امیدواروں سے متعلق مختلف معلومات اور اور دیگر کوائف و ڈیٹا ان محکموں سے چیک کروایا گیا۔اس سسٹم کے تحت امیدوار کی دہری شہریت ، بینک نا دہندگی ، ایف بی آر اور نیب کیسز کی معلومات فورا ریٹرننگ افسران کو مہیا کی جاتی ہیں ۔ اوریہ معلومات ریٹرننگ افسران کو سکروٹنی میں مددفراہم کرتی ہیں تاکہ وہ قانون کے مطابق کاغذات نامزدگی پر بروقت فیصلہ کر سکیں ۔ اس سسٹم کے تحت 8595 امیدواران کا ریکارڈ ان اداروں سے تصدیق کے بعد ریٹرننگ افسران کو مہیا کیا گیا ۔ اس کے علاوہ جنرل الیکشن میں استعمال ہونے والے مانیٹرننگ سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ الیکشن میں تمام انتخابی عمل کی بروقت مانیٹرننگ کے لئے کنٹرول روم قائم کیا جا ئے گا ۔ جس میں ضلعی انتظامیہ ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریٹرننگ افسران کے نمائندئے ہمہ وقت موجود ہوں گے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن پہلی بار عوام کی سہولت اور شکایات کے فوری اندراج کے لئے واٹس ایپ نمبر اور(UAN) نمبر عوام سے شیئر کرے گا ۔ تاکہ عوام اور نمائندے اپنی شکایات وڈیو ، تصاویر یا میسج کی شکل میں الیکشن کمیشن کو بھیج سکیں ۔ اور ان شکایات کا ازالہ قانون کے مطابق فوری طورپر یقینی بنایا جاسکے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close