عمران خان کے لیے ریلیف کا جمعہ بازار لگا دیا گیا، بائے ون گیٹ نائن کے پیکیج دیئے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی رہنما کے سخت وار

کراچی (آئی این پی):صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پچھلے چارپانچ دن سے پاکستان میں وہ کچھ ہورہا ہے جو75سالوں میں نہیں ہوا، جو شخص بیرونی طاقتوں کی مدد سے ملک میں انارکی پیدا کر رہے ہیں، انہیں عدالتوں سے آؤٹ آف وے ریلیف دیا جا رہا ہے، عمران خان کے لئے ریلیف کا جمعہ بازار لگا دیا گیا ہے، انہیں بائے ون گیٹ نائن کے پیکیج دیئے جا رہے ہیں، لیکن ملک کے آئین اور ایٹمی طاقت کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دینے والی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مقدمات کے لیے عدالتوں کے پاس وقت نہیں،

شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا ریفرنس گزشتہ 10 سال سے زیر التوا ہے ، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے مقدمے میں پیشیاں غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو عدالتوں سے کسی قسم کا ریلیف نہیں انصاف چاہیے۔ عدالتیں ان دو مقدمات میں چاہے جو بھی فیصلہ کریں ہمیں منظور ہے ، لیکن ان مقدمات پر روزانہ کی بنیاد پر سنوائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سندھ آرکائیوز کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت بھی رہی اور آمریت بھی رہی ہے جو بھی نظام ہوتا تھا وہ ظاہر نظر آتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چاردن سے انارکی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، پولیس نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی کوشش کی ، لیکن سب نے دیکھا کہ پولیس کے ساتھ کیا حشر کیا گیا۔ پولیس پر ڈنڈے برسائے گئے گلیل اور پیٹرول بم مارے گئے، پچاس سے زائد پولیس اہلکار زخمی کئے گئے ، کیا پولیس والے معصوم سپاہی کسی کی اولاد نہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کواپیل کی زمان پارک پہنچیں اور دھمکیاں دیں کہ جوورکرز لیکر نہیں آئے گا ان کوٹکٹ نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے پاکستانیوں کوپیغام دیا کہ وہ سب سے بڑے بدمعاش اورغنڈے ہیں۔ عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان کو آئین و قانون کے تحت بلایا نہیں جاسکتا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ ملک میں ہوکیا رہا تھا کس طرح کی روایات قائم کی جا رہی ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا ہے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس کو ضمانتیں بھی دی جا رہی ہیں اور انہیں کلین چٹ دی گئی۔ جبکہ فورسزکے ہاتھ پائوں باندھے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی نینہیں دیکھا کہ عمران خان کوکہا گیا ہو کہ وہ اپنے ورکروں کو کنٹرول کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیاکوپیغام دیاگیا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس میں قانون ہی نہیں ہے یہاں ایک شخص کی بدمعاشی ہیافسوس ہے کہ عمران خان کوباربارریلیف دیاجارہا ہے، کئی سیاسی رہنماؤں نے جلیں کاٹی ہیں، لیکن گرفتاری کی خوف سے عمران خان ڈرامہ کر رہے ہیں۔ پوری ریاست کو یرغمال بنایا گیا۔ یہ پورے ملک کے لئے بدنامی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ ان کے لئے دو مقدمات اہم ہیں، پہلا مقدمہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا ریفرنس ہے جو پچھلے 10 سال سے زیر التوا ہے ، اس ریفرنس کو سننے کیلئے عدالتوں کے پاس وقت نہیں۔ آئین اور ایٹمی طاقت کے خالق کے لیے فاضل جج صاحبان کے پاس وقت نہیں ، لیکن لاڈلے کے لیے عدالتیں صبح شام کھلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا مقدمہ شہید محترمہ بے بینظیر بھٹو کی شہادت کا مقدمہ ہے ، جس کی پیشیاں نہیں ہوتی، اگر پیشیاں ہوتی ہے تو محض کاغذی کارروائی کر کے اس مقدمہ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو سابق منتخب وزراء اعظم کے مقدمات کایہ حال ہے۔ دوسری جانب جس نے سیاست، معیشت اور اخلاقی اقدارکوتباہ کیا، غیرآئینی کام کئے اس کوریلیف پرریلیف دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس جماعت نے سب کچھ دیا آئین دیا ، ایٹمی پروگرام دیا ، میزائل ٹیکنالوجی دی ، اس کے ساتھ کیا رویہ رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اسرائیل اور بھارت کی حمایت حاصل ہے ، اس کو ملک پر تھوپا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگرانصاف ایسے ہی ملنا ہے توکیاہم بھی وہی کام شروع کریں ، ہزاروں لوگ عدالت لیکرجائیں، اگر ملک اسی طرح چلنا ہے توہم تیارہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالتوں سے گرفتاری کے احکامات کے بعد آئینی صدرعارف علوی کہہ رہا ہیکہ یہ انتقامی کارروائی ہورہی ہے،آئینی صدر کابیٹاسوشل میڈیاکاہیڈ ہے وہ سازشی ٹویٹ کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکے سے صدر کا بیٹا ملک کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ آج زمان پارک کی طرف تجاوزات کے خاتمہ کے لئے پولیس آپریشن کررہی ہے ، پولیس پر سیدھے فائر کئے جارہے ہیں۔ یہ فائرنگ کون کررہا ہے، کیا جادوگرنی کررہی ہے یا جنات کر رہے ہیں۔ عمران خان توکہہ رہا ہے زمان پارک میں جادوگرنی کے سواکوئی نہیں۔ زمان پارک میں کالعدم تنظیموں کی موجودگی اور عمران خان کو طالبان کی حمایت پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی سے نہیں ڈرتی ، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ان ڈرپوک طالبان کے ہاتھ میں نہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تانے بانے طالبان کے ساتھ ملتے ہیں، عمران خان طالبان کو کھلے عام سپورٹ کرتا رہا ہے ان کے مدرسوں کو فنڈنگ کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی جماعت سے نہیں لڑ رہا یہ ملک سے لڑ رہا ہے۔ معیشت کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان اور اس کے ساتھی ہیں ، آج بھی کہہ رہا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد نہیں کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close