لاہور (پی این آئی) ڈپٹی کمشنر لاہور نے تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت دینے سے معذرت کر لی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی رہنماوں اور ڈپٹی کمشنر لاہور کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماوں نے ڈپٹی کمشنر لاہور سے لاہور میں ریلی کے حوالے سے بات کی، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت دینے سے معذرت کر لی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ریلی ملتوی نہ کی گئی تو دفعہ 144 نافذ کرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہو گا۔ خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کل لاہور سے الیکشن مہم شروع کرنے اور خود اس کی قیادت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کل 2 بجے لاہور سے الیکشن کی مہم کو لیڈ کروں گا، کارکنوں کو کہتا ہوں تیاری کرلیں، ہم کل ان کو بتائیں گے کہ قوم کیسے کھڑی ہوتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکمران الیکشن سے بھاگنے کیلیے کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے، یہ دھماکا یا مجھے قتل کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ ان کی منصوبہ بندی مجھے قتل کرنے کی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں ڈر ہے الیکشن میں عوام کا سمندر نکلنے لگا ہے، یہ چاہتے ہیں عمران خان کو قتل کرو یا کسی طرح راستے سے ہٹاؤ، باہر بیٹھا مجرم ہمارے ملک کے فیصلے کر رہا ہے لیکن اب میں نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ خون کے آخری قطرے تک ان کا مقابلہ کروں گا۔اپنے کارکن ظلِ شاہ (علی بلال) کی ہلاکت پر عمران خان نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ نے کس کے کہنے پر میرے اوپر قاتلانہ حملے کی جے آئی ٹی ختم کر دی؟ جو لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے تھے وہ اقتدار میں ہیں، ان کے ہوتے ہوئے ظل شاہ کو کیسے انصاف ملے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے جو مظلوم ہوتا ہے اسی کے خلاف کیسز بنتے ہیں، جب ملک کے سابق وزیر اعظم کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کو کیا ملے گا؟
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں