لاہور (پی این آئی) غریب اور متوسط طبقے کیلئے کھانا پکانا بھی مشکل ہو گیا، فی کلو گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت ساڑھے 600 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ماہِ رمضان کی آمد سے قبل ہی تیل کی قیمتیں آسمان تک پہنچادی گئی ہیں جس کے بعد عوام خریداری سے محروم ہوگئے ہیں۔مارکیٹ ذرائع نے بتایاکہ برانڈڈ تیل ایک لیٹر پائوچ 660 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچادیا گیا ہے اور اس وقت مارکیٹ میں مختلف برانڈڈ تیل کی قیمتوں میں 620 سے 660 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔گھی کی قیمت میں بھی 600 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے علاوہ ازیں اس وقت مارکیٹ میں دالیں پہلے ہی مہنگی فروخت کی جارہی ہے جن میں ماش کی دال 420 روپے، کھڑے مسور کی دال 260 روپے اور مسور کی دال بھی 260 روپے کے حساب سے فروخت ہورہی ہے۔
اس حوالے سے دکان داروں نے بتایاکہ رمضان میں قیمتیں مزید بڑھیں گی کیونکہ کمپنیز انھیں مہنگا دے رہی ہیں۔دوسری جانب ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے تحت ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 41.24 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی،مہنگائی میں اضافہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے ہوا، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 2.78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں