فواد چوہدری نے دنیا کو پاکستانی حکمرانوں کا بائیکاٹ کرنے اور ویزے جاری نہ کرنے کی اپیل کر دی

اسلام آباد (آئی این پی)رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت سیاسی، قانونی اور معاشی بحران کا سامنا ہے ، ہم عملی طور پر ڈیفالٹ کر چکے ہیں، معاشی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے، ملک میں اس وقت فاشسٹ حکومت ہے، دنیا کو چاہیے کہ اس حکومت کا بائیکاٹ کرے اور حکومتی لوگوں کو ویزے جاری نہیں کرے۔ہفتہ کو رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیوالیہ ایک معاشی حوالے سے لفظ سے ہے جس کی مجھے زیادہ سمجھ نہیں ہے لیکن یہی معلوم ہے کہ اگر کسی ملک کے پاس ریاستی انتظام چلانے کیلئے پیسے ختم ہو جائیں تو وہ دیوالیہ ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بھارت ہمیشہ منفی پراپیگنڈا کرتا ہے لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ایٹمی پروگرام کے محافظ پاکستان کے عوام اور افواج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت سیاسی، قانونی اور معاشی بحران کا سامنا ہے جبکہ ہم عملی طور پر ڈیفالٹ کر چکے ہیں، معاشی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں اس وقت فاشسٹ حکومت ہے، دنیا کو چاہیے کہ اس حکومت کا بائیکاٹ کرے اور حکومتی لوگوں کو ویزے جاری نہیں کرے، پاکستان میں موجود حکومت جس طرح انسانی حقوق کی پامالی کر رہی ہے اس پر دنیا کی جانب سے بھی اسی طرح کا برتائو ہونا چاہئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں