پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچ گئی، عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ

لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ شدید ہوگیا ، پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں کو فوری طور پر زمان پارک پہنچنے کی اپیل کردی۔پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچ چکی ہے اور اطراف کے راستے بند کردیے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کے ساتھ قیدیوں کی گاڑیاں بھی زمان پارک پہنچی ہیں۔ پولیس نے آس پاس کے راستے بھی ٹریفک کیلئے بند کردیے ہیں۔پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کی کال دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے اپنے ایک بیان کہا کہ حکومت جانتی ہے کہ وہ سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتی جس کی وجہ سے انہوں نے عمران خان کو گرفتا رکرنے کافیصلہ کیا ہے اس لیے کارکن زمان پارک پہنچیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ملک بھر میں موجود کارکنان جانتے ہیں کہ ان کی کیا ذمہ داری ہے ، ایسی کوئی بھی صورتحال ہو تو کارکن کسی رہنما کی کال کا انتظار نہ کریں ۔دوسری جانب پولیس کی نقل و حرکت کی خبر سامنے آتے ہی کارکنوں کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچ گئی۔ کارکنوں نے بعض جگہوں پر پولیس کی رکاوٹیں ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کیلئے بھی کھول دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close