شیخ رشید کی ہمشیرہ کی درخواست منظور کر لی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) شیخ رشید کی لال حویلی کا ایک یونٹ متروکہ وقف املاک نے ڈی سیل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق یونٹ ڈی سیل ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ پنڈی بنچ نے یونٹ ڈی 156 سیل کرنے کے خلاف شیخ رشید کی ہمشیرہ عابدہ شمیم کی درخواست نمٹادی۔

یہ یونٹ شیخ رشید کی ہمشیرہ کی ملکیت ہے۔ اسی دوران اسلام آباد کے ڈیوٹی مجسٹریٹ نے 50 لاکھ روپے کے عوض پولیس کی تحویل میں موجود شیخ رشید کی 2 گاڑیاں سپرداری پر ان کے حوالے کردیں۔دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے جیل سے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط ارسال کر دیا۔شیخ رشید کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کا سربراہ ہوں، قلم دوات کا انتخابی نشان الاٹ ہوا ہے۔میں متعدد مرتبہ قلم دوات کے نشان پر ہی منتخب ہوا ہوں۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن سے ایک روز قبل لیاقت باغ میں انتخابی جلسے کی اجازت دی جائے۔شیخ رشید نے درخواست کی کہ دوسری مرتبہ جیل سے خط لکھ رہا ہوں تا کہ میری درخواست کو عملی جامہ پہنایا جائے۔اس سے قبل شیخ رشید نے جیل سے این اے 62 کے ریٹرننگ افسر کو خط میں لکھا تھا کہ عوامی مسلم لیگ کا این اے 62 سے امیدوار ہوں اور خود پیش ہونا چاہتا ہوں۔

شیخ رشید نے آر او کو لکھے گئے خط میں کہاکہ براہ مہربانی میری پارٹی کو قلم دوات کا نشان فراہم کیا جائے، عوامی مسلم لیگ کا این اے 62سے امیدوار ہوں اور خود پیش ہونا چاہتا ہوں۔شیخ رشید نے اپنے خط میں کہاکہ میرے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کئے گئے ہیں،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے ملی بھگت سے مجھے اسکروٹنی میں شامل ہونے سے روکا،میں نے ملک میں صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد کا بیان دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close