نواز شریف نے ناراض لیگی رہنمائوں کو منانے کا ٹاسک کس کو دیدیا؟ لندن سے بڑی خبر

لندن (پی این آئی ) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے رانا ثناءاللہ کو ناراض لیگی رہنماؤں کو منانے کا ٹاسک سونپ دیا۔سابق وزیراعظم نوازشریف نے رانا ثناءاللہ کو مسلم لیگ ن کے ناراض دوستوں سے ملاقاتیں کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناراض دوستوں سے ملاقات کرکے ان کے تمام تحفظات دور کیے جائیں، آئندہ انتخابات میں مخلص دوستوں کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نواز شریف کو مریم نواز کے استقبال کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاکھوں کارکنان مریم نواز کا پر تپاک استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ جس پر نوازشریف نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے کارکن لاہور ایئر پورٹ پر جمع ہوں۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی وطن واپسی کے شیڈول میں ایک بار پھر تبدیلی کردی گئی، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ‏نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی وطن واپسی کے وقت میں ردوبدل ہوا ہے، جس کے تحت مریم نواز اب 28 جنوری کو ہفتے کی سہہ پہر 3 بج کر 5 منٹ پر لاہور پہنچیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ قیادت کی جانب سے مریم نواز کی وطن واپسی پر ن لیگ کے رہنماؤں کو بھرپور استقبال کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، سابق اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو ایک ایک ہزار کارکن لانے کا ہدف دیا گیا ہے، سابق بلدیاتی نمائندوں کو یونین کونسل کی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ ذرائع ن لیگ بتاتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے وطن واپسی کے فوری بعد عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم نواز وطن واپسی پر سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گی، یکم فروری سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گی، پہلے سے علان شدہ 7 ڈویژنوں میں بڑے جلسوں کا سلسلہ بڑھا کر ملکی سطح پر لے جایا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ پارٹی کی تنظیم نو کیلئے بھی شیڈول تیار کر لیا گیا ہے، مریم نواز مختلف شہروں کے تنظیمی دورے کریں گے، تنظیمی دوروں میں صوبائی قیادت مریم نواز کے ہمراہ ہو گی، نواز شریف کی وطن واپسی کا اعلان تنظیمی دوروں کے بعد ہوگا اور نواز شریف کی واپسی کا حتمی اعلان مریم نواز ہی کریں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close