محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا گیا

لاہور ( پی این آئی ) ق لیگ کے رہنما پرویز الہی نے کہا ہے کہ وزیراعلی کی تعیناتی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہر اصول، ضابطے کے خلاف ہے، محسن نقوی کو وزیراعلی تعینات کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

اسی طرح رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں، کارکنان تیاری کریں، عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کبھی مایوس نہیں کیا، محسن نقوی جیسے متنازعہ سخص کو وزیر اعلی مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان کردیا۔چیف الیکشن کمشنرکی سربراہی میں اجلاس کے بعد حکام نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کےلیے محسن نقوی کو نامزد کردیا۔ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد سابق وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ کی طرف سے صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کے لئے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز گئے تھے، جب کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے احد چیمہ اور محسن نقوی کے نام بھیجے۔اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق نہ ہونے کے بعد چاروں نام الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے تھے۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا نے اعظم خان کو کے پی کا نگران وزیر اعلٰی تعینات کر دیا۔ خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی مشاورت کے بعد جمعے کوریٹائرڈ بیوروکریٹ محمد اعظم خان کو نگران وزیراعلی بنانے کے لیے اتفاق ہوا تھا۔گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے محمد اعظم خان کو بطور نگران وزیراعلٰی تعیناتی کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ محمد اعظم خان کا نام اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا تھا، جس پر محمود خان نے بھی اتفاق کیا۔اعظم خان کا پورا نام محمد اعظم خان ہے، وہ ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ ہیں، جو کہ ماضی میں وزیر خزانہ اور وفاقی سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکریٹری مذہبی امور رہ چکے ہیں۔ اعظم خان نے ماضی میں چیف سیکریٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکریٹری کے طور پر کام کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close