ایم کیو ایم نے ایک بار پھر اتحادی حکومت کو بڑی دھمکی دیدی

کراچی (پی این آئی) ایم کیوایم نے حلقہ بندیوں کیخلاف احتجاجاً اتحادی حکومت سے علیحدہ ہونے کی دھمکی دے دی، انہوں نے کہا کہ کراچی میں اتنخابات سے دھاندلی ہوچکی ہے، ہم نے الیکشن نہ لڑا تو کوئی الیکشن نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب! ایک دوروز میں فیصلہ نہ کیا تو ہم اپنے فیصلوں میں آزاد ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں انتخابی حلقہ بندیوں کیخلاف الیکشن کمیشن آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں لسانی بنیادوں پر کی گئی حلقہ بندیوں کو مسترد کرتے ہیں، حلقہ بندیوں کے ذریعے کراچی میں اتنخابات سے دھاندلی ہوچکی ہے، ہم نے الیکشن نہ لڑا تو کوئی الیکشن نہیں ہوگا، جب ہم سڑکوں پر آتے ہیں تو منظرنامہ بدل جاتا ہے، کراچی کوباربار سڑکوں پر آنا پڑتا ہے، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے لیکن مردم شماری میں ہمارے ساتھ مذاق ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! ایک دوروز میں فیصلہ نہ کیا گیا تو ہم اپنے فیصلوں میں آزاد ہوں گے اور حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر ہربار مذاق کیا گیا، کہیں90 ہزار اور کہیں 15 ہزار کا حلقہ ہے، حلقہ بندیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو انصاف کرنا ہوگا۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن کے نامکمل کورم اور اقدامات کی قانونی حیثیت کے حوالے سے ایم کیوایم کی جانب سے فوری درخواست پر سماعت کی استدعا کی گئی تھی جو سندھ ہائیکورٹ نے منظور کرلی۔ گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ نے ایم کیو ایم کی الیکشن کمیشن کے نامکمل کورم اور اقدامات کی قانونی حیثیت سے متعلق درخواست کی سماعت سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے فوری درخواست سے متعلق درخواست دائر کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں