پرویز الہی کی چیف الیکشن کمشنر سے خفیہ ملاقات کی کوشش، چیف الیکشن کمشنر نے انکار کر دیا

لاہور(آئی این پی)وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے ایک سابق بیوروکریٹ کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی کوشش کی تاہم چیف الیکشن کمشنر نے پرائیوٹ مقام پر ملاقات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہی ملنا چاہیں تو ان کے دفتر آجائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات چوہدری شجاعت کو پارٹی سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے حکم امتناع دینے کے تناظر میں کی جانی تھی۔

خیال رہے کہ چوہدری شجاعت اور پرویز الہی کے درمیان سیاسی فاصلے پیدا ہونے پر ق لیگ پنجاب کے سیکرٹری کامل علی آغا نے پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت کو ہی عہدے سے ہٹادیا تھا جس پرالیکشن کمیشن نے حکم امتناع جاری کیا۔ اس کے تناظر میں وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ایک قریبی سابق بیوروکریٹ کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی تھی کہ وہ ان سے پرائیویٹ مقام پر ملنا چاہتے ہیں جس پر سکندر سلطان نے انکار کردیا اور کہا کہ پرویز الہی ملنا چاہتے ہیں تو ان کے دفتر میں مل سکتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی نے بھی چیف الیکشن کمشنر سے فون پر رابطہ کیا اور پیشکش کی کہ وہ پنجاب میں کسی بھی افسر کو کسی عہدہ پر لگانا چاہیں تو حکومت آرڈر جاری کردے گی لیکن سکندر سلطان نے جواب دیا کہ دوبارہ ایسی بات نہ کریں۔وزیراعلی کے قریبی سابق بیوروکریٹ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کچھ عرصہ پہلے انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو وزیراعلی پرویز الہی کا ایک کام کہا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close