شراب لائسنس اجرا کیس، عدالت نے عثمان بزدار کی ضمانت کی درخواست واپس لینے پر نمٹا دی

لاہور ( آئی این پی) احتساب عدالت لاہور نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی شراب لاسنس اجراء میں ضمانت کی درخواست واپس لینے پر نمٹا دی ۔احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے 5جنوری تک عبوری ضمانت منظور کر رکھی تھی۔عثمان بزدار اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

وکیل عثمان بزدار نے عدالت کو بتایا کہ شراب لائسنس سے متعلق انکوائری سے متعلق نیب جواب جمع کروایا جاچکا ہے، نیب کی انکوائری بند کرنے کی یقین دہانی پر درخواست واپس لے لی تھی، نیب اگر اس کیس میں بھی تحریری جواب جمع کروا دے، تو درخواست واپس لینے کے لیے تیار ہیں۔نیب کے تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ عثمان بزدار کیخلاف نیب تحقیقات بند کرنے کی سفارش بھیج چکے ہیں، اس کیس میں عثمان بزدار کیخلاف ابھی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔نیب آفیسر کی یقین دہانی پر عثمان بزدار نے ضمانت درخواست واپس لینے کی درخواست کی، عدالت نے ضمانت درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔میڈیا سے گفتگو کے دوران عثمان بزدار سے نیب سے ملنے والی کلین چٹ کا سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کی خاص مہربانی ہے کہ کبھی کوئی ناجائز کام نہیں کیا، پہلے بھی کہا تھا عدالتوں سے انصاف ملے گا، کیوںکہ کوئی غلط کام نہیں کیا۔اللہ نے یہاں سرخرو کیا اور آگے بھی کرے گا۔نیب میں انکوائری کس کی ایما پر شروع کی گئی کے سوال پر سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ میرے بہت سارے دوست ہیں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close