کوئٹہ(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمرنے کہا ہے کہ عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کر نے کے اعلان کے بعد پی ڈی ایم خوف و ہراس کا شکار ہے ،ملک کو معاشی، معاشرتی بحران سے نکالنے کا واحد ذریعہ انتخابات ہیں ، حکومت سے انتخابات کی تاریخ، طریقہ کار، الیکشن کمیشن کے علاوہ کسی نقطے پر بات نہیں ہوسکتی ، بلوچستان اسمبلی کی تحلیل ہے حوالے سے صوبائی حکومت سے مطالبہ نہیں کریں گے ،
پی ٹی آئی نے بلوچستان میں 600ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ، امپورٹڈ حکومت نے صوبوں کو آئینی حق سے محروم رکھا ہوا ہے جسکی وجہ سے بلوچستان بھی مالی بحران کا شکار ہے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ، سابق گورنر سید ظہور آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے
۔اسدعمرنے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان نے خیبر پختونخواء اور پنجاب میں اسمبلیاں تحلیل کر نے کا اعلان کردیا ہے اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد وہاں 90روز میں الیکشن ہونگے پورا ملک الیکشن کی طرف جارہا ہے عمران خان کے اعلان کے بعد پی ڈی ایم کی جماعتوں میں خوف و ہراس ہے پی ڈی ایم عمران خان کاسیاسی میدان میں مقابلہ نہیں کر سکتے ہم امپورٹڈ حکومت کو میدان سے بھاگنے نہیں دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ جب 70 فیصد پاکستان میں انتخابات ہورہے ہوں اور دیگر ملک میں نظام چلتا رہے ملک پر سازش ،بیرونی مداخلت کے ذریعے امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی پیسے کے دم پر بننے والی حکومت نے ہر صورت ناکام ہونا تھا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تاریخ کی بد ترین مہنگائی، بے روزگاری موجودہ حکومت کے باعث ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی تھی کہ ہم اسمبلیاں تحلیل کرنے کااعلان نہیں کریں گے ، پھر کہا کہ پرویز الہیٰ نہیں مانیں گے
اب کہتے ہیں کہ 23دسمبر کی تاریخ کیوں دی گئی ہے حکومت بہانے بنانے چھوڑ عمران خان میدان میں آگئے ہیں حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مقابلے کے لئے تیار رہے
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں