الیکشن سے بچنے کیلئے گورنر راج سے بہتر ہے مارشل لا ء لگا دیں‘ پی ٹی آئی سینئر رہنما برس پڑے

لاہور( پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ الیکشن سے بچنے کے لئے گورنر راج لگانے سے بہتر ہے ملک میں مارشل لا ء لگا دیں۔کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کا منشور انصاف کی برابری ہے، اس ملک میں جمہوریت کا نام و نشان ختم کر دیا گیا، چوروں ڈاکوئوں کو حکومت دے دی گئی، آپ ایک بار پھر عمران خان اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کو منتخب کریں۔

انہوں نے کہا کہ این اے 126 شاہین آباد میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے، 15 کروڑ روپے سے سیوریج کے کام کروائے گئے ہیں، 5 کروڑ روپے سے واٹر ڈسپوزل کا کام کروایا جا رہا ہے۔حماد اظہر نے مزید کہا کہ ان چوروں، ڈاکوئوں کا ہم نے احتساب کرنا ہے، الیکشن سے بچنے کے لئے گورنر راج لگانے سے بہتر ہے ملک میں مارشل لا ء لگا دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں