وفاقی وزیر نے جنرل باجوہ کو عمران خان کا محسن قرار دیدیا

سیالکوٹ(پی این آئی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان محسن کش انسان ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ عمران خان کا محسن ہے اور یہ انہیں بھی گالیاں دیتا ہے۔سیالکوٹ میں (ن) لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ایک شخص کو اقتدار میں لایا گیا جس نے معیشت کو تباہ کر دیا، آج وہ کہہ رہا ہے کہ اس کے ساتھ انصاف کیا جائے، عمران خان اچانک پاکستان پر نازل نہیں ہوا اسے منصوبہ بندی کے ذریعے 2011ء کے بعد لانچ کیا گیا۔

ہم نے ملکی تباہی کو روکنے کی بھر پور کوشش کی مگر منصوبہ ساز اسے اقتدار منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے، جب قومیں جعلی اور فراڈیوں کے نعروں کے پیچھے چل پڑیں تو تباہی ہوتی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف بیرون ملک کی عدالت میں ایک اخبار نے جھوٹا بیان لگانے پر معافی مانگی، ہمارے خلاف ٹیلی ویژن پر مہم چلائی گئی، عمران خان کہتا تھا برطانوی عدالتوں میں انصاف ملتا ہے، اس نے شہباز شریف کو دو بار جیل بھیجا اور تیسری بار بھیجنے کی تیاری کر رہا تھا، ہم نے سیاسی خواتین کو کبھی نشانہ نہیں بنایا ہمارے قائد کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا، ایک مرد مجاہد رانا ثنا پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا جسے عدالت نے بری کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جنرل باجوہ عمران خان کا محسن ہے اور یہ جنرل باجوہ کو بھی گالیاں دیتا ہے، لوگ خانہ کعبہ کو چومتے ہیں لیکن اس نے خانہ کعبہ کی تصویر والی گھڑی کوڑیوں کے بھاؤ بیچ دی، مرشد زلفی بخاری کے ذریعے چیزیں بیچ رہے تھے ، 6 ارب کے زیورات ڈیڑھ کروڑ میں خریدے گئے اور یوتھیے کہتے ہیں کہ عمران خان ایمان دار ہے؟انہوں ںے کہا کہ عمران خان سب سے بڑا چور ہے اس نے زندگی مفت باری میں گزار دی ہے، جس طرح منور ظریف کی فلم مفت بار پردہ اسکرین سے نہیں اترتی تھی یہ بھی نہیں اترتا تھا۔

ہم نے اسے بڑی مشکل سے اتارا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے قید میں سخت سردی کے موسم میں صرف دو کمبل دیے گئے، میری بیوی پورا پورا دن اینٹی کرپشن میں بیٹھی رہتی تھی، میرے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے، مجھے صرف ذاتی عداوت کا نشانہ بنایا گیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان مرشد اور زلفی بخاری کی گفتگو کا جواب دیں، کہتا ہے میں نے جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دے کر غلطی کی، روس جا کر غلطی کی، آئندہ یہ کہے گا میں نے مرشد سے شادی کر کے غلطی کی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس ملک میں اب تمام ادارے آئینی حدود میں اس ملک کی خدمت کریں گے، ملک کا اقتدار سونپنے کا اختیار عوام کے پاس ہے ، عمران خان محسن کش انسان ہے اسے اب حساب دینا پڑے گا، کہتا تھا میں اسمبلیاں توڑوں گا میں نے کہا تھا پرویز الہی کا اعتبار نہ کرنا یہ اب کہے گا پرویز الہی کو لگانا میری غلطی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں