شیخ رشید نے بھی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر ڈبل گیم چلنے کا دعویٰ کردیا

اسلام آباد (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے لگتا کہ اسمبلیاں توڑنے کے معاملے پر ڈبل گیم چل رہی ہے، موجودہ صورتحال میں اوورسمارٹ بننے والا نیچے گرجائے گا،کیونکہ 70فیصد رائے عامہ عمران خان کے ساتھ ہے۔

 

 

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بڑا غمگین ہوں کہ میں سمجھتا ہوں کہ موجودہ اوربین الاقوامی حکمرانوں کی سازش ہے کہ عمران خان کو نااہل قرار دیا جائے، یہ الیکشن سے بھاگ گئے ہیں، عمران خان کو نااہل کرنے کیلئے ملک کو نااہل کرنے جا رہے ہیں۔آج پاکستان کی معیشت کا اتفاق فاؤنڈری کے منشی سے بیڑہ غرق کردیا ہے، اس نے غریب کا گلا دبا دیا ہے۔ عمران خان کا راستہ روکنے کے لیے ساری جماعتیں اکٹھی ہوگئی ہیں، کچھ لوگ تماشا کررہے ہیں، جو اندر سے عمران خان کے ساتھ نہیں ہیں، منافق اور اقتدار کے لالچی ہیں، انتخابات اور اقتدار کے بھوکے ہیں، روس میں کسی نے جلوس نہیں نکالا، کسی نے پتھر نہیں چلایا بس معیشت بیٹھ گئی تھی۔سیاست وہ کررہے جنہوں نے بھاگ جانا ہے، یہ عمران خان کا مسئلہ نہیں ہے، آج جو بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑے گا وہ منافق اور غدار ہوگا، یہ لوگ عمران خان کے ساتھ الیکشن نہیں لڑسکتے۔

 

 

 

انہوں نے کہا کہ فوج اور عدلیہ پر بات نہیں کرتا، فوج نے سیاست سے دور رہنے کا بہت اچھا فیصلہ کیا لیکن فوج قوم اور قومی سلامتی سے دور نہیں رہ سکتی۔معیشت ہی پاکستان کی سالمیت اور قومی سلامتی ہے، میں نے 30جنوری کہا تھا لیکن اب مجھے 30دسمبر سے ہی پہلے اہم فیصلے دیکھ رہا ہوں، جلد الیکشن کا فیصلہ ہوجائے گا۔حکومت ٹھس اورپیسا ہضم ہے، یہ ملک کو ڈبونے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں موجود 13پارٹیاں اور ہم نوا قوال الیکشن نہیں لڑ سکتیں، یہ عمران خان کے مقابلے کے اہل نہیں ہیں، عالمی طاقتوں کی سوچ ہے پاکستان کے معاشی طور پر گھٹنے ٹکا دیے جائیں، ن لیگ اپنا منہ کالا کروانے جا ر ہی ہے۔ پاکستان کے استحکام اور معیشت کے خلاف سازش کرنے والے جیلو ں میں جائیں گے، یہ جتنی مرضی ترامیم کر لیں یہ جیلوں میں جائیں گے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اوورسمارٹ اورچالاک بننے والا نیچے گرجائے گا،دھوکہ دہی دینے والا ناکام ہوگا، میری سوچ ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کے معاملے پر ڈبل گیم چل رہی ہے، 70فیصد رائے عامہ عمران خان کے ساتھ ہے، حکومت پاگل ہوگئی ہے ان کی عقل جواب دے گئی ہے، یہ جو سوچ کرآئے تھے وہ ان کے گلے پڑ گیا ہے، لوگوں کے حالات دیکھ کر دل کرتا کہ لال حویلی سے چھلانگ مار دوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں