پی ڈی ایم اپنی سیفٹی بیلٹ باندھ لے ، ملک میں وقت سے پہلے انتخابات کے حوالے سے تہلکہ خیز دعویٰ سامنے آگیا

لاہور ( پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنی سیفٹی بیلٹ باندھ لے ، ملک میں وقت سے پہلے انتخابات ہونے جا رہے ہیں ، اپنی پوری سیاست میں کبھی اداروں کے ساتھ ٹکرائو کا حامی نہیں رہا ، زبردست لیڈر شپ کے چنائو کا کریڈٹ عمران خان اور صدر عارف علوی کو جاتا ہے ۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت کی تعیناتیوں کا سارا کام خوش اسلوبی سے طے ہوا ہے

،زبردست لیڈر شپ کا چنائو ہوا ہے اور میں دونوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، عمران خان اور علوی کو کریڈٹ دیتا ہوں جنہوں نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑا درست اور بروقت فیصلہ کیا ۔اب اداروں کا بھی متفقہ فیصلہ ہے کہ سیاست سے دور رہنا ہے اور ملک میں استحقام لانا ہے اور معیشت کو ٹھیک کرنی ہے تو وہ الیکشن کے ذریعے ہی ٹھیک ہوں گے ۔ کسی کے پاس جادو کی چھڑی تو نہیں ہے کہ وہ سب ٹھیک کر دے۔آپ تھوڑے دنوں بعد ان کے چہرے دیکھیں گے

اور انکی سیاسی موت ہو جائے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی آنے والی حکومت کے دن شروع ہو گئے ہیں ، مارچ کے آخر یا اپریل میں انتخابات ہوں گے ۔میری نیک خواہشیں یہ ہیں کہ اب اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات ٹھیک ہونے چاہئیں ، میں ٹکرائو کا حامی نہیں ، خاص طور پر عدلیہ اور فوج کے ساتھ تو کبھی بھی نہیں تھا ، سات مہینے جو میری ناراضگی رہی اسکی وجہ یہ ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا تھا لیکن اب ہمیں روابط بہتر کرنے چاہئیں۔

فیصلہ تحریک انصاف نے اپنا کرنا ہے میری کمٹمنٹ اور تعلق صرف عمران خان کی حد تک ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالات کو الیکشن کی طرف جاتے دیکھ رہا ہوں ، پی ڈی ایم کو کہتا ہوں کہ سیفٹی بیلٹ باندھ لے ، بسترے پیک کر لے ،عمران خان الیکشن چاہتا ہے اور وہ الیکشن نہیں چاہتے ،تمام اداروں کا فیصلہ ہے کہ نئے الیکشن ہوں ،یہ لکھ لیں کہ وقت سے پہلے انتخابات ہوں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close