اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سکاٹ لینڈ یارڈ سمیت جہاں مرضی سے تحقیقات کرانا چاہتے ہیں کرائیں، ہماری شرط صرف یہ ہے کہ عمران خان خود تحقیقات میں شامل ہوں گے اور الزامات کا ثبوت فراہم کریں گے، پاکستان کے عوام بھیڑ بکریاں نہیں کہ عمران خان جھوٹ بولے گا اور وہ اسے سچ سمجھ لیں گے، وہ وقت ختم ہو چکا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ میں کل کے واقعہ کی تمام اتحادی جماعتوں نے مذمت کی، ہم پاکستان کے سیاسی میدان کو خونی میدان بننے نہیں دیں گے، پاکستان کی سیاست اس طرح کے واقعات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست خون بہا کر نہیں کی جا سکتی، وزیراعظم شہباز شریف نے سب سے پہلے عمران خان کے لانگ مارچ پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ہدایت کی کہ وہ واقعہ کی تحقیقات میں پنجاب حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ بقول ڈاکٹر، عمران خان کو چار گولیاں لگیں، ان کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹی، اس افسوسناک واقعہ کے اندر وہ زخمی ہوئے، عمران خان کا غالباً ایک آپریشن بھی ہوا ہے اور آج عمران خان صاحب کو ٹی وی پر دیکھ کر اطمینان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شوکت خانم کے وسائل کو اپنی سیاست کے لئے اسی طرح استعمال کیا جس طرح انہوں نے فارن فنڈنگ کے ذریعے منی لانڈر کر کے خیرات کا پیسہ اپنی سیاست کے لئے استعمال کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے بیماری کی حالت میں بھی جھوٹ بولنا نہیں چھوڑا، یہ ڈرامہ اور جھوٹ بول کر لوگوں کو بے وقوف بنانا چاہتے ہیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ عمران خان جھوٹ بولیں گے اور عوام اسے سچ سمجھ لیں گے، وہ وقت اب ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نظریہ رہا ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ وہ سچ لگنے لگے۔
، یہ اپنی کہانی وہاں سے شروع نہیں کرتے جب 2018ء میں آر ٹی ایس بٹھا کر انہیں مسلط کیا گیا تھا، عمران خان نے اپنے چار سالوں میں ملک میں معاشی تباہی کی، غریب کا پیٹ کاٹا، غریب کو غریب تر کیا، دوست ممالک ناراض کیا، ان کے دور میں مافیاز کا راج تھا، آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوری کر کے ڈاکے ڈالے گئے۔
عمران خان اپنی کہانی میں ان باتوں کا ذکر نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی کہانی 7 مارچ سے شروع کرتے ہیں جب انہوں نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے اور اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے چیف آف آرمی اسٹاف کو بند کمرے میں تاحیات غیر معینہ مدت کے لئے توسیع دینے کی پیشکش کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے مطابق انہیں 7 مارچ کو سائفر کی اطلاع ملی تو انہوں نے 8 مارچ کو کیوں نہیں بتایا کہ بیرونی سازش ہو رہی ہے؟
عمران خان کو جب پتہ تھا کہ بیرونی سازش ہو رہی ہے تو انہوں نے اسمبلیاں کیوں ختم نہیں کیں؟ کیوں الیکشن کا اعلان نہیں کیا، عمران خان اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے اداروں کی ترلے منتیں کرتے رہے۔ جب اداروں نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کی سیاست میں ادارے کی کوئی مداخلت نہیں ہوگی تو یہ شخص ان کے خلاف ہوگیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے بیرونی ملک سازش کا ڈرامہ رچایا، ان کا سائفر، امریکی سازش، بیرون ملک سازش،
رجیم چینج کا بیانیہ ناکام ہو گیا، آڈیو لیک میں عمران خان نے خود کہا کہ سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے، انہوں نے اپنے مفاد کی خاطر سائفر کے منٹس بدلے، عمران خان کی یہ کہانی ان کی زبانی پاکستان کے عوام نے سنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سینیٹ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے انتخابات میں ضمیروں کے سودے کئے، آڈیو لیک میں عمران خان نے کہا کہ میں نے دو ارکان خرید لئے ہیں اور دو کا انتظام کرنے کی ہدایت کرتے ہیں، عمران خان نے یہ بھی کہا کہ غلط ہے یا صحیح ہے اس کی پرواہ نہ کریں، بندے خریدیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاست میں کسی نے سوداگری کی ہے تو وہ عمران خان نے کی ہے،
عمران خان نے ضمیروں کے سودے کئے اور دوسروں پر الزام لگاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے معلوم تھا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ ہونا ہے، عمران خان کبھی کہتے ہیں کہ چار بندوں نے میرے خلاف سازش کی، پھر کہتے ہیں کہ چار نہیں تین بندے ہیں، عمران خان نے بیانیہ گھڑا کہ مجھے مارنے کی سازش کی گئی، عمران خان کو اگر پتہ تھا کہ ان کے خلاف قاتلانہ حملے کی سازش ہو رہی ہے تو انہوں نے معصوم لوگوں کی جانوں کا کیوں نقصان کیا؟ جب عمران خان کو پتہ تھا کہ اس طرح کا واقعہ ہونا ہے تو پنجاب حکومت کو کیوں نہیں بتایا؟ مقتول معظم کے بچے اپنے والد کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں؟
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل کے واقعہ میں 14 لوگ زخمی ہوئے، عمران خان کو لگنے والی چار گولیوں کا آپریشن بھی ہو گیا، وہ ہوش میں بھی آ گئے لیکن ان کے ساتھ زخمی ہونے والے دیگر 14 افراد شوکت خانم ہسپتال میں داخل ہیں؟ کیا ان افراد کے پاس اپنے علاج کے لئے اخراجات ہیں؟ وزیراعظم نے ان افراد کے لئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے لیکن عمران خان نے ان افراد کے لئے کیا کیا ہے؟ کیا کسی نے پتہ کیا ہے کہ وہ لوگ کس ہسپتال میں داخل ہیں؟ عمران خان نے اپنی پریس کانفرنس میں ان افراد کا ذکر تک نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان الزام عائد کر رہے ہیں کہ تین افراد نے ان پر قاتلانہ حملے کی سازش کی،
عمران خان الزام تو لگا رہے ہیں لیکن کسی قسم کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے پہلے بھی شہباز شریف پر کرپشن کے الزامات لگائے، رانا ثناء اللہ پر قتل کا الزام لگایا اور پرچہ ہیروئن رکھنے کا کاٹا اور پھر ایک ثبوت تک پیش نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ عمران خان کا، وزیر داخلہ عمران خان کا، پولیس عمران خان کی، لانگ مارچ واقعہ بھی پنجاب کے اندر رونما ہوا، ملزم کو پنجاب پولیس نے گرفتار کیا،
پنجاب کی پولیس نے ملزم کا بیان ریکارڈ کروا کر میڈیا کو ریلیز کیا، اس کے باوجود عمران خان کہتے ہیں کہ واقعہ کی تحقیقات اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک تین لوگ استعفیٰ نہ دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ پنجاب میں رونما ہوتا ہے جس کی ذمہ دار بھی پنجاب حکومت ہے اور عمران خان استعفیٰ ہم سے مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان واقعہ کی تحقیقات دنیا کی کسی بھی ایجنسی سے کروائیں، پنجاب کے اندر فرانزک لیب سے کروائیں لیکن تحقیقات میں پیش ضرور ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں