راولاکوٹ، بلدیاتی انتخابات کی حقائق پر مبنی کوریج یقینی بنانے اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے حوالے سے میڈیا ورکشاپ

راولاکوٹ (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر میں 31 سال بعد 27 نومبر کو جماعتی بنیاد پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی حقائق پر مبنی کوریج کو یقینی بنانے اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے حوالے راولاکوٹ میں ایک روزہ میڈیا ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔

ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آزادجموں و کشمیر ، غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ اور کشمیر امیج کے اشتراک سے ڈیجیٹل میڈیا اور بنیادی جمہوریت کے عنوان سے منعقدہ ورک شاپ میں پونچھ ڈویژن باالخصوص راولاکوٹ باغ،پلندری کے پریس کلبوں اور پونچھ کے مختلف علاقوں سے الیکٹرانک،پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک صحافیوں کی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدرآصف رضا میر نے ورکشاپ کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہاآزادکشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر سیاسی رواداری،سماجی رشتوں کی مضبوطی،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن وامان کی بحالی کو یقینی بنانے کیلئے میڈیا کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں آزادکشمیر میں حقائق اور تحقیق پر مبنی صحافت کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔

غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے صدر راشد نذیر نےشرکاء ورکشاپ کا شکریہ ادا کیا ۔چئیرمین ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آزاد جموں وکشمیر امتیاز احمد اعوان نے شرکاء ورکشاپ کو کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی جمہوریت کے کردار اور لوکل گورنمنٹ کے نظام کی اہمیت سے آگاہ کیا انکا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کے 3 ڈویژن،10 اضلاع ،33 تحصیلوں، 10 ضلع کونسلوں،5 میونسپل کارپوریشنون ،14 میونسپل کمیٹیوں اور 12 ٹاون کمیٹی کے ایک ہی روز انتخابات کرانا ایک بڑا چیلنج ہے میڈیا کو سوشل میڈیا کی فیک نیوز کی بنیاد پر رپورٹینگ کرنے کے بجائے تحقیق کر کے حقائق ہر مبنی رپورٹینگ کرنا ہوگی ۔

سینئر صحافی امیرالدین مغل اور ماسٹر ٹرینر جلال الدین مغل نے ڈیجیٹل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور ضابطہ اخلاق سے متعلق شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا شرکاء ورکشاپ کے مختلف سوالات کے جواب میں امیرالدین مغل اور جلال الدین مغل نے شرکاء کو فیس بک ،یو ٹیوب،انسٹاگرام اور ٹیوٹر سمیت سماجی رابطہ کے دیگر میڈیم کی مہارتوں سے متعلق آگاہی دی اور سوشل میڈیا کے موثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا آزادکشمیر کے سینئر صحافی محمد عارف عرفی نے شرکاء ورکشاپ کو کیمرے کے استعمال اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگا کیا ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close