اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان سے ترکیہ، یورپ، برطانیہ اور امریکا کا سفر کرنے والے شہریوں کیلئے بڑی خبر سامنے آئی ہے، پی آئی اے 14 نومبر سے ترکیہ کیلئے ہفتہ وار 6 پروازیں چلائے گی۔ کوڈ شیئرنگ معاہدے کے تحت ترکش ایئرلائنز پی آئی اے کے مسافروں کو استنبول سے آگے برطانیہ، یورپ اور امریکا کے 28 شہروں تک پہنچائیں گی۔
وفاقی وزیر برائے شہری ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر پی آئی اے استنبول کیلئے اپنی پروازوں کا آغاز کر رہا ہے۔ اعلان کے مطابق پی آئی اے 14 نومبر سے پاکستان سے ترکیہ کیلئے ہفتہ وار 6 پروازیں چلائے گی۔ پی آئی اے اور ترکش ایئرلائن کے درمیان کوڈ شئیرنگ معاہدے کے تحت پاکستان سے استنبول پہنچنے والے پی آئی اے کے مسافر استنبول سے آگے یورپ، برطانیہ اور امریکہ کیلئے ترکش ایئرلائنز کے ذریعہ سفر کرسکیں گے۔ معاہدے کے تحت پی آئی اے کے مسافر استنبول سے یورپ، برطانیہ اور امریکا کے 28 شہروں تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد سے 4 جبکہ لاہور سے 2 پروازیں بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے آپریٹ ہوں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی سے استنبول کی پروازیں بھی شروع کی جائیں گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں