ایک اور بھارتی اداکار کی خودکشی، شوبز انڈسٹری میں سوگ کی کیفیت چھا گئی

نئی دہلی(پی این آئی) بھارتی کی تامل ٹیلی ویژن انڈسٹری کے معروف اداکار لوکیش راجندرن نے خودکشی کر لی۔ 34سال کی عمر میں خودکشی کرنے والے لوکیش راجندرن نے بطور چائلڈ سٹار اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کیے گئے اپنے سٹنٹس کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔ لوکیش راجندرن شادی شدہ اور دو بچوں کے باپ تھے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ شراب نوشی کی لت میں مبتلا تھے اور گھریلو مسائل کی وجہ سے ان کی یہ لت بہت شدید ہو چکی تھی۔

وہ ایک سے زائد بار چنئی کے بس اڈے پر بھی سوتے ہوئے پائے گئے تھے اور خودکشی کے وقت بھی بس اڈے پر ہی تھے جہاں انہیں بے سدھ دیکھ کر لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔پولیس نے لوکیش راجندرن کو ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ لوکیش راجندرن کے باپ کا کہنا ہے کہ ”مجھے ایک ماہ قبل اپنے بیٹے اور بہو کے درمیان جھگڑے کا علم ہوا۔ میری بہو نے چار دن قبل طلاق کے لیے عدالت سے بھی رجوع کر لیا تھا، جس کی وجہ سے لوکیش شدید ڈپریشن کا شکار تھا۔ “

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close