حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں واضح کمی کا اعلان کر دیا، عوام کیلئے خوشخبری

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت کا پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے کمی کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خزانہ کے اعلان کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے کمی کر دی گئی ہے۔

یوں پٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 235 روپے 30 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 186 روپے 50 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 191 روپے 83 پیسے مقرر کر دی گئی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اعلان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو جائے گا۔اس سے قبل وفاقی وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات اور ریلیف اقدامات کیلئے آئی ایم ایف سے بات چیت کا فیصلہ کیا تھا۔بتایا گیا تھا کہ وزیرخزانہ آئی ایم ایف سے بات چیت کے بعد وزیراعظم کو آگاہ کریں گے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی ایم ایف کی رضا مندی سے کی جائے گی۔ بتایا گیا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کو بڑھانے کی بجائے اس کی موجودہ شرح برقرار رکھ کر ریلیف دیا جائے گا۔ پٹرول پر اس وقت 37.42 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہے جبکہ حکومت کو جنوری 2023 تک پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 50 روپے فی لیٹر تک بڑھانی ہے۔

یہاں واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ چند روز کے دوران تیل کی قیمتوں میں 30 فیصد تک کمی آ چکی، تاہم پاکستان میں عوام کو اس کمی کا ریلیف نہیں ملا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے پاکستان کیلئے عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کا اثر زائل ہو گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں